جمعرات، 10-ستمبر،2026
جمعرات 1448/03/28هـ (10-09-2026م)

پیٹرول کی قیمت کا پورا سچ!!! 234 روپے کا پیٹرول عوام تک پہنچتے پہنچتے 367 روپے 75 پیسے کا ہوگیا

10 ستمبر, 2026 14:06

پاکستان میں پیٹرول کی قیمت کے حوالے سے اوگرا کی دستاویزات نے قیمت کے مختلف اجزا سے متعلق تفصیلات سامنے لائی ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں پیٹرول 234 روپے 73 پیسے فی لیٹر کی قیمت پر پہنچتا ہے، جس کے بعد مختلف ڈیوٹیز، مارجنز، لیویز اور دیگر چارجز شامل کیے جاتے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق پیٹرول کی ابتدائی قیمت پر 21 روپے 15 پیسے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی عائد ہوتی ہے، جبکہ اندرون ملک مال برداری کی مد میں 7 روپے 60 پیسے فی لیٹر مارجن شامل کیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن 7 روپے 87 پیسے اور ڈیلرز کا مارجن 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر مقرر ہے۔ ان تمام مارجنز کی شمولیت کے بعد پیٹرول کی قیمت 281 روپے 33 پیسے فی لیٹر تک پہنچ جاتی ہے۔

اس کے بعد پیٹرولیم لیوی اور کلائمٹ سپورٹ لیوی شامل کی جاتی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پیٹرولیم لیوی 80 روپے جبکہ کلائمٹ سپورٹ لیوی 5 روپے فی لیٹر ہے۔

لیویز شامل ہونے کے بعد پیٹرول کی قیمت 366 روپے 33 پیسے فی لیٹر تک پہنچ جاتی ہے۔ اس کے بعد ایکسچینج ریٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مزید 1 روپے 42 پیسے فی لیٹر شامل کیے جاتے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق تمام ٹیکسز، لیویز، مارجنز اور دیگر چارجز شامل ہونے کے بعد 234 روپے 73 پیسے میں پاکستان پہنچنے والا پیٹرول عوام تک پہنچتے پہنچتے 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر کا ہوجاتا ہے۔

یوں ابتدائی قیمت اور عوام سے وصول کی جانے والی قیمت میں تقریباً 133 روپے فی لیٹر کا فرق پیدا ہوتا ہے، جس میں مختلف ٹیکسز، لیویز، مارجنز اور دیگر چارجز شامل ہیں۔

سخت معاشی حالات اور مہنگائی کے موجودہ دور میں پیٹرول کی قیمت میں مختلف مدات کے اضافے نے عام شہریوں کے لیے مالی دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔ شہری یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ ٹیکسز اور لیویز کی مد میں فی لیٹر اتنی بڑی رقم وصول کرنے کا بوجھ آخر کب تک عوام برداشت کریں گے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔