جمعہ، 11-ستمبر،2026
جمعہ 1448/03/29هـ (11-09-2026م)

سینیٹر شیری رحمان کا بچوں کے بڑھتے زیادتی کے کیسز پر شدید تشویش کا اظہار

11 ستمبر, 2026 13:07

سینیٹر شیری رحمان نے بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے زیادتی کے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کے لیے عبرت ناک سزاؤں اور فوری ٹرائل کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے پاکستان میں بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے زیادتی کے کیسز پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوری سے جون 2026 کے دوران بچوں کے خلاف ایک ہزار 914 کیسز کا رپورٹ ہونا ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے، جبکہ پنجاب سے 80 فیصد کیسز کا آنا ثابت کرتا ہے کہ وہاں بچوں کے تحفظ کا نظام مکمل ناکام ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں مبینہ پولیس مقابلہ، اجتماعی زیادتی کے زیر حراست چار ملزمان ہلاک

شیری رحمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ 43 فیصد ملزمان کا متاثرہ بچوں کا واقف کار ہونا اور تقریباً 45 فیصد واقعات کا بچوں کے اپنے گھروں میں پیش آنا انتہائی افسوسناک ہے، اس لیے ہمیں گھریلو ماحول کو محفوظ بنانا ہوگا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بچوں سے زیادتی کے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ہر کیس کو مثال بنایا جائے اور ملزمان کو عبرت ناک سزا دی جائے جبکہ اعلیٰ عدلیہ سے بھی گزارش ہے کہ ایسے سنگین مقدمات کا فوری ٹرائل کر کے انصاف میں تاخیر ختم کی جائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔