اس بار اسلام آباد کو بند نہیں کرنے دیں گے، ابھی بھی وقت ہے پی ٹی آئی بند گلی میں نہ جائے، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی اکثریت لانگ مارچ نہیں چاہتی، اس بار اسلام آباد کو بند کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پشاور میں پاک فوج کے شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت کی ہے جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کا کوئی وزیر جنازے میں شریک نہیں ہوا۔ خیبرپختونخوا کے حالات سب کے سامنے ہیں، کوہاٹ دھماکے میں پولیس اہلکار اور عام شہری شہید ہوئے ہیں۔
محسن نقوی نے خبردار کیا کہ اسلام آباد پر دھاوا بولنے کا کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، عدالت کے حکم پر من و عن عمل کروائیں گے اور ابھی بھی وقت ہے بند گلی میں نہ جائیں۔ اپنا اور اپنے لوگوں کا نقصان نہ کریں، سیاسی اختلافات کو انتہا تک نہیں لے جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : 27 ستمبر کا احتجاج، پی ٹی آئی کا خیبرپختونخوا کو مرکز بنانے کا فیصلہ
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی اکثریت لانگ مارچ نہیں چاہتی، اس بار ان سے نمٹنے کا مستقل لائحہ عمل بنائیں گے، اس بار اسلام آباد کو بلکل بند نہیں کرنے دیں گے، اس طرح کے ڈراموں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو خود معلوم نہیں ان کا مطالبہ کیا ہے، اگر ان کا مطالبہ بانی پی ٹی آئی کے چیک اپ کا ہے تو وہ کل رات بھی ہوا۔ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے قانون کے مطابق ہر چیز کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا معاملہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، اللہ نے چاہا تو نئے صوبے ضرور بنیں گے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ سے منسلک ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










