بدھ، 23-ستمبر،2026
بدھ 1448/04/12هـ (23-09-2026م)

نیوزی لینڈ کا ایکریڈیٹڈ ایمپلائر ورک ویزا، غیر ملکی ورکرز کیلئے اہلیت اور طریقہ کار

23 ستمبر, 2026 08:57

نیوزی لینڈ نے غیر ملکی ماہرین اور ورکرز کے لیے ایکریڈیٹڈ ایمپلائر ورک ویزا کے قواعد، اہلیت اور درخواست دینے کے طریقہ کار کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

اس ویزا کے ذریعے غیر ملکی ورکرز نیوزی لینڈ کے منظور شدہ اور ایکریڈیٹڈ ایمپلائر کے ہاں ہفتے میں کم از کم 30 گھنٹے کام کرسکتے ہیں۔

ملازمت کی نوعیت، ہنر کی سطح اور تنخواہ کے مطابق ویزا ہولڈر کو نیوزی لینڈ میں پانچ سال تک قیام کی اجازت مل سکتی ہے۔ یہ ویزا مستقبل میں نیوزی لینڈ کی مستقل رہائش حاصل کرنے کا راستہ بھی فراہم کرسکتا ہے۔

ویزا ہولڈرز کو ہر 12 ماہ کے دوران تین ماہ تک تعلیم یا اپنی ملازمت سے متعلق ضروری کورسز کرنے کی اجازت بھی حاصل ہوگی۔

ویزا کیلئے بنیادی اہلیت

درخواست دینے والے امیدوار کے لیے کسی رجسٹرڈ اور منظور شدہ ایمپلائر کی جانب سے تصدیق شدہ جاب آفر ہونا ضروری ہے۔

نیوزی لینڈ کے قوانین کے مطابق ایمپلائر یا جاب ایجنٹ ملازمت فراہم کرنے کے عوض ورکر سے بھرتی کے اخراجات یا غیر قانونی فیس وصول نہیں کرسکتا۔

امیدوار کے پاس متعلقہ شعبے میں کم از کم دو سال کا قابلِ تصدیق تجربہ ہونا چاہیے یا نیوزی لینڈ کی کوالیفکیشن فریم ورک کے لیول 4 یا اس سے اوپر کی ڈگری موجود ہو۔

صرف سی وی کو تجربے کے ثبوت کے طور پر کافی نہیں سمجھا جائے گا، بلکہ سرٹیفکیٹس، پے سلپس اور ٹیکس سے متعلق دستاویزات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔

لیول 4 یا 5 کی ملازمتوں کے لیے امیدوار کو انگلش زبان کی مہارت کا ٹیسٹ بھی پاس کرنا ہوگا، جبکہ میڈیکل معائنہ، ایکسرے اور پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ بھی ضروری دستاویزات میں شامل ہیں۔

درخواست دینے کا طریقہ

ایکریڈیٹڈ ایمپلائر جاب آفر کے ساتھ امیدوار کو آن لائن درخواست کے لیے مخصوص لنک یا جاب ٹوکن فراہم کرے گا۔

امیدوار کو پولیس اور میڈیکل سرٹیفکیٹس سمیت تمام ضروری دستاویزات کی اسکین کاپیاں اور انگریزی تراجم تیار کرنا ہوں گے۔

اس کے بعد فراہم کردہ لنک کے ذریعے آن لائن درخواست مکمل کرکے دستاویزات اپ لوڈ کی جائیں گی اور فیس ادا کرنا ہوگی، جو 1,540 نیوزی لینڈ ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔

دستیاب معلومات کے مطابق 80 فیصد درخواستوں پر چھ ہفتوں کے اندر فیصلہ کردیا جاتا ہے۔

درخواست منظور ہونے کی صورت میں امیدوار کو آن لائن ای ویزا جاری کردیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔