بدھ، 23-ستمبر،2026
بدھ 1448/04/12هـ (23-09-2026م)

200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے بڑا ریلیف، نئی تجویز زیر غور

23 ستمبر, 2026 09:28

200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے ریلیف کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت پروٹیکڈ اور نان پروٹیکڈ صارفین کے موجودہ طریقہ کار میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔

پاور ڈویژن نے ایسے گھریلو صارفین کے لیے موجودہ پروٹیکڈ فارمولے پر نظرثانی کی تجویز کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے جن کی عام حالات میں ماہانہ بجلی کی کھپت 200 یونٹ سے کم رہتی ہے لیکن موسم گرما میں ایئر کنڈیشنر اور دیگر برقی آلات کے استعمال کے باعث کسی ایک ماہ میں یہ حد عبور ہوجاتی ہے۔

موجودہ طریقہ کار کے تحت اگر کسی صارف کی بجلی کی کھپت ایک مرتبہ 200 یونٹس سے بڑھ جائے تو اس کی پروٹیکڈ کیٹیگری ختم ہوجاتی ہے۔ اس کے بعد کم یونٹس استعمال کرنے کے باوجود اسے اگلے چھ ماہ تک زیادہ نرخوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مجوزہ طریقہ کار کیا ہوگا؟

مجوزہ نظام کے تحت اگر کسی صارف کی کھپت کسی ایک ماہ میں 200 یونٹس سے زیادہ ہوجاتی ہے تو اضافی ٹیرف صرف اسی مہینے کے لیے لاگو کیا جائے گا۔

اگلے ماہ اگر بجلی کا استعمال دوبارہ 200 یونٹس یا اس سے کم ہوجائے تو صارف کی پروٹیکڈ حیثیت بحال کردی جائے گی اور اسے اگلے پانچ ماہ تک مہنگے ٹیرف کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

حکومت اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ پروٹیکڈ صارفین کی تعداد بڑھانے سے بجلی کی سبسڈی پر مجموعی مالی بوجھ کس حد تک بڑھ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پروٹیکڈ اور نان پروٹیکڈ صارفین کے بجلی کے نرخوں میں نمایاں فرق موجود ہے، جبکہ حتمی بجلی کے بل میں ٹیکسز، فکسڈ چارجز، فیول ایڈجسٹمنٹ اور دیگر متعلقہ چارجز بھی شامل کیے جاتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔