بدھ، 23-ستمبر،2026
بدھ 1448/04/12هـ (23-09-2026م)

پیدائش سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ کیسے بنوائیں؟ شرائط اور آسان طریقہ سامنے آگیا

23 ستمبر, 2026 12:57

نادرا نے ایسے پاکستانی شہریوں کے لیے خصوصی سہولت کا اعلان کیا ہے جو پیدائش سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے اب تک قومی شناختی کارڈ نہیں بنوا سکے۔

نادرا کے مطابق یہ سہولت خواتین اور مرد دونوں کے لیے فراہم کی گئی ہے۔ شہری مقررہ شرائط پوری کرکے پیدائش سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ خصوصی سہولت 31 دسمبر 2026 تک دستیاب رہے گی۔

شادی شدہ خواتین کیلئے کیا شرائط ہیں؟

18 سال سے زائد عمر کی شادی شدہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ اس کے لیے ان کے پاس یونین کونسل کا جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ نکاح نامہ ہونا ضروری ہے۔

اس کے علاوہ خاتون کے والد یا والدہ میں سے کسی ایک کا شناختی کارڈ یا نائکوپ بنا ہوا ہونا چاہیے۔ شوہر کا شناختی کارڈ یا نائکوپ بھی موجود ہونا ضروری ہے۔

درخواست جمع کروانے کے لیے خاتون کو اپنے شوہر اور والد یا والدہ میں سے کسی ایک کے ساتھ نادرا رجسٹریشن سینٹر جانا ہوگا۔ وہاں نکاح نامہ اور متعلقہ افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کے بعد درخواست کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

اگر خاتون کے والد، والدہ یا شوہر میں سے کوئی فوت ہوچکا ہو لیکن اس شخص کا ریکارڈ نادرا کے پاس موجود ہو تو بھی درخواست دی جاسکتی ہے۔ ایسی صورت میں نادرا دفتر میں چند بنیادی سوالات کے تسلی بخش جوابات دینے کے بعد درخواست وصول کی جاسکتی ہے۔

غیر شادی شدہ خواتین کیلئے طریقہ کار

18 سال سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کے لیے شوہر سے متعلق شرائط لاگو نہیں ہوں گی۔ انہیں اپنے والدین کے کوائف اور بائیومیٹرک تصدیق فراہم کرنا ہوگی۔

اس مقصد کے لیے درخواست گزار کو متعلقہ دستاویزات کے ساتھ نادرا رجسٹریشن سینٹر سے رجوع کرنا ہوگا۔ والدین کے شناختی ریکارڈ کی تصدیق کے بعد شناختی کارڈ کے اجرا کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔

24 سال سے زائد عمر کے مرد بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں

نادرا کی جانب سے 24 سال سے زائد عمر کے ان مردوں کے لیے بھی سہولت فراہم کی گئی ہے جنہوں نے اب تک شناختی کارڈ نہیں بنوایا۔ ایسے مرد جن کے والدین اور بہن یا بھائی میں سے کسی ایک کا شناختی کارڈ یا نائکوپ موجود ہے، وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

درخواست گزار کو اپنے شناختی کارڈ والے والد یا والدہ کے ہمراہ نادرا سینٹر جانا ہوگا۔ اگر والدین کا انتقال ہوچکا ہے تو شناختی کارڈ رکھنے والے بھائی یا بہن کے ساتھ نادرا دفتر جاکر درخواست دی جاسکتی ہے۔

نادرا کی جانب سے شہریوں کو ایک اہم بات سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ اس خصوصی سہولت کے تحت فراہم کیے جانے والے کوائف کی بنیاد پر شناختی کارڈ میں والدین کی تفصیلات، تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش درج کی جائے گی۔

ان تفصیلات میں بعد میں تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس لیے درخواست جمع کروانے سے پہلے تمام کوائف کی اچھی طرح تصدیق کرنا ضروری ہوگا۔

نادرا کے مطابق یہ خصوصی سہولت 31 دسمبر 2026 تک دستیاب رہے گی۔ جن شہریوں کے پاس پیدائش سرٹیفکیٹ موجود نہیں اور وہ شناختی کارڈ بنوانے میں مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے قریبی نادرا رجسٹریشن سینٹر سے رجوع کرسکتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔