پاکستان معاشی استحکام سے بحالی کی جانب گامزن ہے، وزیراعظم کی آئی ایم ایف وفد سے ملاقات میں گفتگو

وزیراعظم نے نیویارک میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی، جس میں معاشی اصلاحات اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکیاسویں اجلاس کے سائیڈ لائنز پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کے لیے آئی ایم ایف کی مسلسل معاونت کو سراہا اور آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعمیری شراکت داری کو مستحکم بنانے میں منیجنگ ڈائریکٹر کے کردار کی بھی تحسین کی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی معاشی صورتحال میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک
وزیراعظم نے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کے لیے حکومت کی بھرپور وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی تنازعات اور بیرونی مہنگائی کے دباؤ کے باوجود پاکستان محتاط مالیاتی اور زری پالیسیوں کی بدولت معاشی استحکام سے معاشی بحالی کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے مالیاتی نظم و ضبط، بیرونی مالیاتی ذخائر، سرمایہ کاروں کے اعتماد، نیشنل ٹیرف نظام، ملکی محصولات میں اضافے اور نجکاری کے عمل میں پیش رفت کو اجاگر کیا۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر نے پاکستان کی کارکردگی اور معاشی استحکام کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










