بلوچستان میں کہیں بغاوت نہیں، چند عناصر علیحدگی چاہتے ہیں، جو کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، سرفراز بگٹی

سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کوئی بغاوت نہیں ہے بلکہ چند عناصر شناخت کی بنیاد پر علیحدگی چاہتے ہیں، جو پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
کوئٹہ میں اکیسویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ صوبے میں کوئی حقیقی بغاوت موجود نہیں ہے، بلکہ کچھ عناصر محض شناخت کی آڑ میں علیحدگی کے خواہشمند ہیں، جو پاکستان کو کیک کی طرح کاٹ کر تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کو توڑنے کی کوئی بھی سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حقائق اور تصور میں فرق کو سمجھیں اور صوبے کی درست تاریخ سے آگاہی حاصل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک بیٹھے ہوئے پاکستان مخالف عناصر منظم پروپیگنڈے کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ریاست مخالف پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں اور اپنی تعلیم و روشن مستقبل پر توجہ دیں۔
یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی، بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 9 دہشت گرد ہلاک
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو ایک لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، کیونکہ بندوق کے زور پر کوئی نظریہ مسلط نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ غیر متوازن ترقی پورے پاکستان اور دنیا کے بیشتر ممالک میں پائی جاتی ہے اور پسماندگی یا غیر متوازن ترقی کسی بھی صورت میں پرتشدد واقعات کا جواز فراہم نہیں کرتی۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں میرٹ کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں مصنوعی ذہانت کا ٹیسٹنگ سسٹم کا نفاذ بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سال کے دوران پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام پر سو فیصد پیش رفت ہوئی ہے، اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ اور چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے اور صرف میرٹ پر ملازمتیں دی جائیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










