کراچی کی گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، آگ پر قابو پالیا گیا

کراچی میں ایک بڑی گارمنٹس فیکٹری میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی شدت زیادہ ہونے کا باعث فائر بریگیڈ کو شہر بھر سے مزید گاڑیاں طلب کرنا پڑیں۔
کراچی کے سائٹ ایریا میں حبیب بینک کے قریب واقع فیکٹری میں رات 11 بجکر 20 منٹ کے قریب آگ لگی، جو دیکھتے ہی دیکھتے بے قابو ہو گئی اور اس نے عمارت کی پہلی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ کی شدت میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر چیف فائر بریگیڈ آفیسر نے فوری نوٹس لیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں اور سندھ رینجرز کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ آگ پر قابو پانے کے لیے اسنارکل بھی طلب کی گئی۔
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کرش پلانٹ ون، کرش پلانٹ ٹو اور سخی حسن ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور واٹر کارپوریشن نے فوری طور پر واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ پر روانہ کر دیئے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی : روشم قتل کیس کا معمہ حل، پولیس وردی میں ملبوس قاتل کو گرفتارکرلیا گیا
انچارج ہائیڈرنٹس سیل اور فوکل پرسن ریسکیو حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے اور آپریشن کی خود نگرانی کی۔ فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی تاکہ آتشزدگی پر جلد قابو پایا جا سکے۔
بعد ازاں، چیف فائر آفیسر محمد ہمایوں خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سائٹ ایریا کی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر مکمل قابو پالیا گیا ہے اور فی الحال کولنگ کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیکٹری ڈھائی ہزار گز پر قائم ہے اور ریسکیو آپریشن کے دوران ابتدائی طور پر کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مجموعی طور پر 12 فائر ٹینڈرز، 23 باؤزرز اور ایک اسنارکل نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ فیکٹری میں جب آگ لگی تو اندر کچھ لوگ موجود تھے، جو خوش قسمتی سے وقت پر باہر نکل آئے تھے۔
چیف فائر آفیسر کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات فی الحال سامنے نہیں آ سکیں اور کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی اصل صورتحال واضح ہو سکے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











