خیبر پختونخوا میں ملٹری آپریشنز کو مسترد کرتے ہیں، بند کمروں کے فیصلوں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا، سہیل آفریدی

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ صوبے میں ملٹری آپریشنز اور ڈرون حملوں کی کوئی گنجائش نہیں، ان تمام فیصلوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
بنوں اور کرک کی سرحد پر واقع ختم نبوت چوک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ احتجاجی سفر ابھی ایک ٹیسٹ میچ کی طرح ہے، جسے دو دن بعد ٹی ٹوئنٹی میچ کی طرح مزید تیز کیا جائے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ جنگ صرف پشتونوں کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی بقا کی جنگ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آج رات کرک میں قیام کیا جائے گا اور کل وہاں کے غیور عوام بھی باہر نکلیں گے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کے لیڈر نے امریکا کو اور انہوں نے بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے کرنے والوں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی نے 13 سالہ حکومت میں دہشت گردی اور بھتہ خوری کیخلاف کچھ نہیں کیا، خواجہ آصف
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پچھلے بائیس سال سے جو پالیسیاں نافذ کی جا رہی ہیں، ان کی وجہ سے ملک میں دہشتگردی میں اضافہ ہوا ہے اور ہم نے اصل امن صرف بانی پی ٹی آئی کے ساڑے تین سالہ دورِ حکومت میں دیکھا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں ملٹری آپریشنز اور ڈرون حملوں کو مسترد کرتے ہیں، خیبر پختونخوا کے فیصلے اب صوبے کے اندر ہی ہوں گے اور عوام کے حقوق کے خلاف بننے والی ہر پالیسی کو یکسر مسترد کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس کوئی بندوقیں نہیں ہیں بلکہ صرف عوام کی طاقت ہے اور ساؤتھ ریجن کے عوام نے ہر اس پالیسی کو مسترد کر دیا ہے، جو ان کے مفاد میں نہیں تھی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پوری قوم چاہتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو باہر نکالا جائے تاکہ وہ ملک کی قیادت سنبھال سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بانی پی ٹی آئی، ان کی اہلیہ اور بہنیں جیل میں ڈالے جانے کے باوجود جھکے نہیں ہیں، جبکہ اس وقت ملک کا مزدور، کسان رو رہا ہے اور نوجوان ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












