پی ٹی آئی نے 13 سالہ حکومت میں دہشت گردی اور بھتہ خوری کیخلاف کچھ نہیں کیا، خواجہ آصف

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی گزشتہ 13 سال سے ان کی اپنی حکومت ہونے کے باوجود دہشتگردی کے خلاف کوئی مؤثر پالیسی کیوں نہیں بنائی گئی؟
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک بیان میں خیبر پختونخوا کی حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ تحریک انصاف کو دہشتگردی کے خلاف پالیسی بنانے سے کس نے روکا تھا؟ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 13 سال سے مسلسل خیبر پختونخوا میں آپ کی حکومت رہی ہے، تو پھر نیشنل ایکشن پلان اور ایپکس کمیٹی کے اجلاسوں میں آپ کو کس پالیسی نے کام کرنے سے روکا؟
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا کرک میں پڑاؤ، گورنر راج قبول نہیں کریں گے، سہیل آفریدی
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دہشتگردوں اور افغانستان سے ہونے والے حملوں کے خلاف آواز اٹھانے یا سیکیورٹی اقدامات کے لیے کسی اضافی پالیسی کی ضرورت نہیں ہوتی۔
انہوں نے استفسار کیا کہ کوہاٹ میں ہونے والے افغان ڈرون حملے کی مذمت کیوں نہیں کی گئی اور افغان سرزمین سے ہونے والے حملوں پر افغان حکومت کا نام لے کر احتجاج کیوں نہیں کیا گیا؟
وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 13 سالہ حکمرانی کے دوران صوبے میں بھتہ خوری، اسمگلنگ اور غیر قانونی معیشت کے خاتمے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا اور صوبے کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا۔
انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردی سے متاثرہ عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے رہنما کتنی بار گئے، اور خوارج کو خوارج کہنے اور ان کی مذمت کرنے کے لیے بھی کیا کسی خاص پالیسی کی ضرورت ہوتی ہے؟
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












