پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا کرک میں پڑاؤ، گورنر راج قبول نہیں کریں گے، سہیل آفریدی

پی ٹی آئی کا لکی مروت سے شروع ہونے والا لانگ مارچ رات گئے کرک پہنچ گیا، جہاں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے اعلان کے مطابق آگے کا سفر شروع کیا جائے گا۔
حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے ضلع لکی مروت کے علاقے گنڈی چوک سے لانگ مارچ کا باقاعدہ آغاز کیا تھا۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اتوار کے روز ہیلی کاپٹر کے ذریعے لکی مروت پہنچے تھے تاکہ اس مارچ کی قیادت کر سکیں۔
پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کردہ ویڈیوز کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پارٹی حامیوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور قافلوں کی صورت میں روانہ ہوئی۔
لکی مروت اور کرک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ جب آپ شعور، آزاد عدلیہ، آزاد میڈیا اور آئین و قانون کی بالادستی کی بات کرتے ہیں تو آپ کو ناسمجھ قرار دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی کی گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، آگ پر قابو پالیا گیا
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ ناسمجھ ہیں تو عوام کا یہ ٹھاٹھیں مارتا سمندر اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ عوام کو ایسے ہی ناسمجھ لوگ چاہئیں۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نظر میں سمجھدار وہ ہے، جو اربوں روپے کی کرپشن کرے اور سرکاری جہاز پر لندن جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ان طاقتوروں کو ہرگز تسلیم نہیں کریں گے، جو پشتونوں کے حقوق کا سودا کریں۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ طاقتوروں کو یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہمیں بند کمروں کے فیصلے ہرگز قبول نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہمارا قافلہ ضلع خیبر کی جانب رواں دواں ہے اور پیر کے روز ہماری تعداد لاکھوں تک پہنچ جائے گی۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم نہ تو گورنر راج مانتے ہیں اور نہ ہی کسی قسم کی ایمرجنسی قبول کریں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ 8 اکتوبر کو خیرآباد پہنچ کر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا اور جیسے جیسے قافلہ صوابی پہنچے گا، یہ تحریک ملک کے کونے کونے تک پھیل جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا میں بانی پی ٹی آئی کا وژن اور ان کی پالیسی ہی نافذ رہے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











