ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

استعمال شدہ گاڑیاں اب سستی ہونگی یا مہنگی؟ ایف بی آر کا اہم اقدام

04 اکتوبر, 2025 14:59

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت دے دی ہے اور ان پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی بھی عائد کر دی ہے۔

 ریگولیٹری ڈیوٹی ان گاڑیوں پر لاگو ہوگی جو امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 کے تحت مخصوص شرائط کے ساتھ درآمد کی جائیں گی۔ حکومت کے اس فیصلے سے آٹوموبائل انڈسٹری کے مطالبات کو تسلیم کیا گیا ہے، جبکہ درآمدات کو محدود کرنے اور غیر ملکی زرمبادلہ کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے ریگولیٹری ڈیوٹی کو مرحلہ وار کم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

پاکستان میں اس سے قبل استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل بنیادوں پر درآمد، یعنی کاروباری مقاصد کے لیے بڑی تعداد میں گاڑیاں منگوانا مکمل طور پر ممنوع تھا۔ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے چند خصوصی اسکیمیں موجود تھیں جن کے تحت وہ اپنی ذاتی یا خاندانی استعمال کی گاڑیاں پاکستان لا سکتے تھے، مگر انہیں کمرشل فروخت کی اجازت نہیں تھی۔

 اب حکومت نے پہلی بار ملک میں ڈیلرز اور امپورٹرز کو بھی کمرشل بنیادوں پر استعمال شدہ گاڑیاں بیرون ملک سے درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے، تاہم 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ کے ساتھ تاکہ درآمدات بے قابو نہ ہوں اور حکومت کو اضافی ریونیو حاصل ہوتا رہے۔

استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد سے مراد بیرون ممالک میں پہلے سے استعمال شدہ گاڑیوں کو بڑی مقدار میں پاکستان منگوا کر مارکیٹ میں فروخت کرنا ہے، جو عموماً گاڑیوں کے ڈیلرز یا درآمد کنندگان کرتے ہیں۔

 آٹو موبائل شعبے کے ماہر اور آل پاکستان کار ڈیلرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن کے پیٹرن ان چیف میاں شعیب احمد نے کہا کہ یہ بنیادی طور پر ان کی کمیونٹی کا مطالبہ تھا کیونکہ پہلے صرف اوورسیز پاکستانی ہی گاڑیاں منگا سکتے تھے جو بعد ازاں ڈیلرز کو فروخت کر دی جاتی تھیں۔ انہوں نے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا مگر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کو غیر معقول بتایا۔

میاں شعیب احمد نے وضاحت کی کہ چونکہ ریگولیٹری ڈیوٹی کو اگلے سال کم کرنے کا امکان ہے، اس لیے اس وقت 40 فیصد ڈیوٹی پر گاڑیاں منگوانا صارفین کے لیے فائدہ مند نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلے ہی گاڑیوں پر 200 فیصد تک ڈیوٹی عائد ہے، اور اب اس اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی کے باعث استعمال شدہ گاڑیوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کمرشل درآمد کی اجازت دے کر مارکیٹ کو کھول دیا ہے، لیکن ڈیوٹی کی موجودہ شرح نے صارفین اور مارکیٹ دونوں کے لیے الجھن پیدا کر دی ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔