ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

کریڈٹ کارڈ استعمال کرنیوالے نان فائلرز کیلئے بری خبر آگئی

06 اکتوبر, 2025 11:52

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے خریداری کرنے والے نان فائلرز کو اپنی نگرانی میں لے لیا ہے۔  

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے خریداری کرنے والے افراد کو اپنی نگرانی میں لے لیا ہے۔ ٹیکس چوری اور پوشیدہ آمدن کا سراغ لگانے کے لیے ایف بی آر نے کمرشل بینکوں سے کریڈٹ کارڈ ٹرانزیکشنز کا ڈیٹا حاصل کرنا شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایسے افراد جو ماہانہ دو لاکھ روپے یا اس سے زائد کی خریداری کریڈٹ کارڈ کے ذریعے کر رہے ہیں، اب ایف بی آر کے ریڈار پر آ چکے ہیں۔ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ اپنے سالانہ گوشواروں میں کریڈٹ کارڈ سے کی گئی خریداری کی مکمل تفصیلات بھی شامل کریں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کمرشل بینکوں نے صارفین کا ڈیٹا ایف بی آر سے شیئر کرنا شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد نان فائلرز کی آمدن اور اخراجات کے درمیان فرق کو جانچنا ہے۔

 ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ کریڈٹ کارڈ کے اخراجات کی بنیاد پر نان فائلرز کی اصل آمدن کا اندازہ لگایا جائے گا، اور ایسے افراد جو بڑی مالیت کی خریداری کے باوجود ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرواتے، ان کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر مقرر کی گئی ہے، جس میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔ ادارہ پہلے ہی ٹیکس دہندگان کو ایس ایم ایس اور دیگر ذرائع سے پیغامات بھیج کر متنبہ کر رہا ہے کہ وہ بروقت اور ایمانداری سے اپنے ریٹرن جمع کرائیں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔