کراچی میں دودھ 400 روپے فی لیٹر؟ ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے خبردار کردیا

How Much Will Milk Cost Per Liter from October 11? Disturbing News Emerges
ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمتوں کے تعین سے متعلق حکومت کو خبردار کردیا ہے۔
ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمتوں کے تعین سے متعلق حکومتی بے حسی پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر 11 اکتوبر تک ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی اور عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا۔
ایسوسی ایشن کے ترجمان غلام شبیر ڈار نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دودھ کی پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق بھوسے کی قیمت جو چند ماہ قبل پانچ سے چھ سو روپے فی من تھی، اب بارہ سو روپے فی من تک پہنچ چکی ہے، جبکہ دیگر اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں، جس سے ڈیری فارمرز کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے۔
غلام شبیر ڈار کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں دودھ کی قیمت 250 روپے فی کلو مقرر کرنے کا مطالبہ مجبوری بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو حالات اس نہج پر پہنچ سکتے ہیں کہ 2026 میں دودھ 400 روپے فی لیٹر سے بھی مہنگا ہو جائے گا۔
ترجمان نے زور دیا کہ چونکہ دودھ کی پروڈکٹ ڈیری فارمرز کی ہے، اس لیے قیمتوں کے تعین کے لیے قائم کمیٹی میں ان کا نمائندہ شامل ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ کمشنر ہاؤس کراچی میں دودھ کی قیمتوں کے تعین سے متعلق حالیہ اجلاس بے نتیجہ ختم ہو چکا ہے، جس میں ڈیری فارمرز، ہول سیلرز اور ریٹیلرز نے حکومت سے فوری طور پر دودھ کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ ڈیری فارمرز نے دھمکی دی ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ 11 اکتوبر سے دودھ کی قیمت 300 روپے فی لیٹر کر دیں گے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق حالیہ سیلاب نے ڈیری سیکٹر کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے باعث دودھ کی پیداواری لاگت میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ فارمرز کا دعویٰ ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تین ارب روپے کا نقصان برداشت کر رہے ہیں۔
ڈیری فارمرز کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے دودھ کی نئی قیمتیں مقرر کرے تاکہ اس شعبے کو مکمل تباہی سے بچایا جا سکے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.