جمعہ، 10-اکتوبر،2025
جمعہ 1447/04/18هـ (10-10-2025م)

گھریلو گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم؛ پہلی ترجیح کون سے صارفین ہوں گے؟ جانیے

08 اکتوبر, 2025 12:16

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے ملک بھر میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کنکشنز پر عائد طویل پابندی ختم کرتے ہوئے نئے کنکشنز کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

 مینیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمپنی نے ایل این جی کنکشنز کی منظوری بھی دے دی ہے، جس کے بعد اب گھریلو صارفین کو دوبارہ گیس کی فراہمی ممکن ہو گئی ہے۔

عامر طفیل کے مطابق ایس این جی پی ایل کے ہیڈ آفس میں ایک خصوصی مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا گیا ہے، جبکہ ریجنل دفاتر میں بھی اسی نوعیت کے یونٹس تشکیل دیے گئے ہیں تاکہ صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر بھی مختص کیا گیا ہے۔

ایم ڈی ایس این جی پی ایل نے بتایا کہ دو لاکھ 45 ہزار صارفین پہلے ہی ڈیمانڈ نوٹس جمع کرا چکے تھے، جنہیں خطوط جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے کنکشنز کی تنصیب کا عمل مکمل کر سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کنکشنز کی ترجیح ان ہی صارفین کو دی جائے گی جنہوں نے پہلے سے رقم جمع کرا رکھی ہے، تاہم خواہشمند افراد ارجنٹ فیس ادا کر کے جلدی کنکشن حاصل کر سکتے ہیں۔

عامر طفیل نے اعلان کیا کہ رواں سال تین لاکھ نئے گیس کنکشنز فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اگلے سال سے سالانہ بنیادوں پر چھ لاکھ کنکشنز دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں ایل این جی کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہیں، اس لیے اب صارفین کو مہنگے سلنڈر خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ گیس براہ راست گھروں تک فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ ایل این جی کی لاگت زیادہ ہے، لیکن اگر اسے سوچ سمجھ کر استعمال کیا جائے تو یہ صارفین کے لیے مالی بوجھ نہیں بنے گی۔ ان کے مطابق ایل این جی کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 3200 روپے مقرر کی گئی ہے۔

عامر طفیل نے مزید بتایا کہ کمپنی نے گیس کے ضیاع (یو ایف جی) کو کم کرتے ہوئے صرف 5 فیصد تک محدود کر دیا ہے، جو کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نمایاں کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس این جی پی ایل کا مقصد صارفین کو سہولت فراہم کرنا، شفافیت بڑھانا اور گیس کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا ہے تاکہ توانائی کے وسائل مؤثر انداز میں عوام تک پہنچائے جا سکیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔