جمعہ، 22-مئی،2026
جمعہ 1447/12/05هـ (22-05-2026م)

حکومت کی آئی ایم ایف کو بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کی یقین دہانی

15 مئی, 2026 14:22

پاکستان نے آئی ایم ایف کو بجلی اور گیس کے نرخوں میں مرحلہ وار اضافے کی نئی یقین دہانی کرا دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت پروٹیکٹڈ صارفین کے علاوہ تمام طبقات پر ٹیرف کا بوجھ ڈالا جائے گا۔

حکومت نے معاشی استحکام اور عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے توانائی کے شعبے میں انتہائی سخت فیصلے کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے عالمی ادارے کو یہ باور کرایا ہے کہ بجلی اور گیس کے نرخوں میں ضرورت کے مطابق اضافہ کیا جائے گا تاکہ توانائی کے شعبے کے گردشی قرضے کو قابو میں رکھا جا سکے۔

اس پالیسی کے تحت صرف پروٹیکٹڈ صارفین کو تحفظ فراہم کیا جائے گا جبکہ دیگر تمام صارفین پر قیمتوں میں اضافے کا بوجھ منتقل کیا جائے گا۔

حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ماہانہ اور سہ ماہی بنیادوں پر کی جانے والی ٹیرف ایڈجسٹمنٹس کو بغیر کسی تاخیر کے فوری طور پر نافذ کیا جائے گا تاکہ خسارے کو کم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : بجلی صارفین سے 19 کھرب روپے ٹیکس وصولی کا انکشاف

عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتوں میں ہونے والے اتار چڑھاؤ کا پورا اثر صارفین تک پہنچانے کی پالیسی کو بھی برقرار رکھا جائے گا، تاہم کم آمدن والے طبقے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

حکومت نے ہدف مقرر کیا ہے کہ بجلی پیدا کرنے والے آزاد اداروں کے تمام بقایاجات اور جرمانوں کے معاملات کو جون 2026 تک ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ ایک مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام پر بھی تیزی سے کام جاری ہے تاکہ صارفین کو بہتر خدمات مل سکیں۔ گیس کے شعبے میں بھی گردشی قرضے کا آڈٹ شدہ ڈیٹا تیار کر لیا گیا ہے، جسے اب ہر تین ماہ بعد عوامی سطح پر پیش کیا جائے گا۔

حکومت کا ارادہ ہے کہ مالی سال 2027 تک بجلی پر دی جانے والی مجموعی سبسڈی کو آٹھ سو تیس ارب روپے تک محدود کر دیا جائے، جبکہ گردشی قرضے میں سالانہ اضافے کو تین سو ارب روپے تک لانے کی تجویز دی گئی ہے۔

طویل المدتی منصوبے کے تحت حکومت نے عزم ظاہر کیا ہے کہ 2031 تک بجلی کے شعبے کا گردشی قرضہ مکمل طور پر ختم کر کے اسے صفر پر لایا جائے گا۔

اس کے علاوہ اسلام آباد، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل 2027 کے آغاز تک مکمل کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے تاکہ نجی شعبے کی شمولیت سے کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔