الیکٹرک گاڑی خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے اچھی خبر؛ حکومت کا بڑی سہولت دینے کا اعلان

Big Relief for EV Buyers
وفاقی حکومت نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کے لیے بجلی کنکشن حاصل کرنے کے قوانین میں بڑی آسانی پیدا کر دی گئی ہے۔ اب ایک ہی عمارت یا مقام پر الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشن کے لیے ایک سے زائد بجلی کنکشن حاصل کیے جا سکیں گے۔
اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر اضافی ٹرانسفارمر لگا کر الگ کنکشن لینے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ پہلے ایک جگہ پر صرف ایک بجلی کنکشن دینے کی اجازت تھی جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو مشکلات کا سامنا تھا۔
نئی پالیسی کا مقصد پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد بڑھانا اور چارجنگ اسٹیشنز کا نیٹ ورک تیزی سے وسیع کرنا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ آنے والے برسوں میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دیا جائے تاکہ ایندھن کے بڑھتے اخراجات اور آلودگی کے مسائل میں کمی لائی جا سکے۔
پالیسی کے تحت الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کے لیے خصوصی بجلی ٹیرف بھی متعارف کروایا گیا ہے۔ یہ ٹیرف عام کمرشل نرخوں کے مقابلے میں نسبتاً کم ہوگا تاکہ سرمایہ کار زیادہ تعداد میں چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے میں دلچسپی لیں۔ اس اقدام سے صارفین کو بھی سستی چارجنگ سہولت میسر آ سکے گی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ حاصل کیا جانے والا بجلی کنکشن صرف الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کے لیے استعمال ہوگا۔ اگر بجلی کسی اور مقصد کے لیے استعمال کی گئی تو متعلقہ کنکشن فوری منقطع کر دیا جائے گا اور اضافی جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔
کنکشن کے حصول کے لیے درخواست گزار کو ایک حلف نامہ جمع کروانا ہوگا۔ اس حلف نامے میں یقین دہانی کروائی جائے گی کہ بجلی صرف چارجنگ اسٹیشن کے لیے استعمال کی جائے گی۔ اس نظام کی نگرانی بھی کی جائے گی تاکہ پالیسی کا غلط استعمال نہ ہو۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










