منگل، 19-مئی،2026
منگل 1447/12/02هـ (19-05-2026م)

جون میں بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا، پاور ڈویژن

19 مئی, 2026 08:51

پاور ڈویژن نے اعلان کیا ہے کہ جون 2026 میں بجلی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، جس سے صارفین کو مہنگائی کے دور میں اہم ریلیف ملے گا۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بروقت اور مؤثر حکومتی اقدامات کے باعث صارفین کو ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافی بوجھ سے بچا لیا گیا ہے۔ اگر یہ اقدامات نہ کیے جاتے تو بجلی صارفین کو 5 سے 6 روپے فی یونٹ تک اضافی ادائیگی کرنا پڑ سکتی تھی۔

ذرائع کے مطابق ایل این جی کی فراہمی میں رکاوٹ اور مہنگے فرنس آئل کے استعمال کے باوجود بجلی کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا گیا۔ اس فیصلے سے صارفین تقریباً 38 ارب روپے کے اضافی بوجھ سے محفوظ رہیں گے۔

حکام نے بتایا کہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کو صرف 1.73 روپے فی یونٹ تک محدود رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بجلی کی طلب میں اضافہ، حکومتی پالیسیوں کا تسلسل اور خصوصی ریلیف پیکج بھی صارفین کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئے ہیں۔

پاور ڈویژن کے مطابق مقامی گیس کی اضافی فراہمی اور درآمدی کوئلے سے چلنے والے پلانٹس سے بجلی پیدا کر کے لوڈ مینجمنٹ کے مسائل میں بھی کمی لائی گئی ہے۔ پہلی سہ ماہی کے دوران صارفین کو 65 ارب روپے کی واپسی ممکن بنائی گئی۔

اسی طرح سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی صارفین کو 1.93 روپے فی یونٹ تک ریلیف دیا گیا۔ ان اقدامات سے نہ صرف فیول ایڈجسٹمنٹ کا اثر ختم ہوا بلکہ مشکل معاشی حالات میں بھی عوام کو اضافی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ ریفرنس ٹیرف میں بھی اضافے کا امکان نہیں جبکہ تقریباً 20 پیسے فی یونٹ مزید کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔