پیر، 27-جولائی،2026
پیر 1448/02/13هـ (27-07-2026م)

ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ

27 جولائی, 2026 10:12

ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔

آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق پشاور میں صرف دو روز کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 سے 150 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ مکس آٹے کا 20 کلو تھیلا 2650 روپے سے بڑھ کر 2800 روپے کا ہو گیا ہے۔ اسی طرح فائن آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت بھی 2900 روپے سے بڑھ کر 3000 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

آٹا ڈیلرز کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت میں اضافے کے باعث آٹا بھی مسلسل مہنگا ہو رہا ہے۔ اگر گندم کی قیمتوں میں کمی نہ ہوئی تو آٹے کی قیمتوں پر بھی دباؤ برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب فیصل آباد میں بھی آٹے کے نرخ بڑھ گئے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آٹا مختلف قیمتوں پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ قیمتوں میں فرق کے باعث شہریوں کو آٹا خریدنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ آٹے کی قیمت بڑھنے کے ساتھ تندور مالکان نے بھی روٹی کے نرخ میں اضافہ کر دیا ہے، جس سے عام شہریوں کے اخراجات مزید بڑھ گئے ہیں۔

سکھر میں بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں فائن آٹا 130 سے 135 روپے فی کلو جبکہ چکی کا آٹا 140 سے 150 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ مختلف علاقوں میں قیمتوں میں فرق بھی دیکھا جا رہا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔