پیر، 27-جولائی،2026
پیر 1448/02/13هـ (27-07-2026م)

200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے اہم ہدایت، ورنہ سبسڈی سے محرومی کا خدشہ

27 جولائی, 2026 11:56

فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

فیسکو کے مطابق وزارت توانائی کی ہدایات اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد عامر کے احکامات پر صارفین کی رجسٹریشن اور ویری فکیشن کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مستحق صارفین کو کراس سبسڈی کی سہولت مسلسل فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ سبسڈی کے نظام کو مزید شفاف، محفوظ اور ڈیجیٹل بنانا بھی اس عمل کا اہم مقصد ہے۔

فیسکو کے ترجمان محمد سعید رضا کے مطابق فیسکو کے علاقے میں حکومت کی سبسڈی کے اہل پروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد 39 لاکھ 51 ہزار 336 ہے۔ ان میں سے 17 لاکھ 13 ہزار 110 صارفین کیو آر کوڈ کے ذریعے اپنی تصدیق مکمل کر چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق اب بھی تقریباً 22 لاکھ 38 ہزار 226 صارفین نے اپنی ویری فکیشن مکمل نہیں کی۔ ایسے صارفین کے لیے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر انہوں نے بروقت تصدیق نہ کروائی تو مستقبل میں ان کی حکومتی سبسڈی متاثر ہو سکتی ہے۔

فیسکو نے صارفین کو ویری فکیشن کا طریقہ کار بھی بتایا ہے۔ اس کے لیے صارفین کو اپنے تازہ ترین بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ کو موبائل فون سے اسکین کرنا ہوگا۔ اس کے بعد اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر اور رجسٹرڈ موبائل نمبر درج کرنا ہوگا۔ تصدیقی عمل مکمل کرنے کے لیے موبائل فون پر موصول ہونے والا ون ٹائم پاس ورڈ یعنی او ٹی پی بھی درج کرنا ہوگا۔

فیسکو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ویری فکیشن نظام متعارف کروانے کا مقصد سبسڈی کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔ اس نظام کے ذریعے حکومت کی جانب سے دی جانے والی مالی سہولت حقیقی اور مستحق صارفین تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ سبسڈی کے عمل کو زیادہ شفاف بنانے میں بھی ڈیجیٹل تصدیق اہم کردار ادا کرے گی۔

فیسکو نے صارفین کو فراڈ سے بچنے کے لیے بھی خبردار کیا ہے۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ویری فکیشن کے لیے صرف اپنے اصل بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ استعمال کیا جائے۔ کسی مشکوک لنک، جعلی ویب سائٹ یا غیر تصدیق شدہ ذریعے پر اپنی ذاتی معلومات ہرگز درج نہ کریں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔