بی وائی ڈی نے جاپان میں چھوٹی الیکٹرک گاڑی متعارف کرا دی

چینی الیکٹرک گاڑی ساز کمپنی بی وائی ڈی نے جاپان کی مقبول ’کی کار‘ مارکیٹ میں قدم مضبوط کرنے کے لیے نئی چھوٹی برقی گاڑی ’ریکو‘ متعارف کرا دی ہے۔
جاپانی مارکیٹ میں کئی برس سے موجودگی کے باوجود بی وائی ڈی کو مقامی برانڈز کی مضبوط گرفت کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، تاہم کمپنی کو امید ہے کہ نئی الیکٹرک منی کار جاپانی صارفین کی روزمرہ ضروریات سے ہم آہنگ ثابت ہوگی۔
جاپان ٹائمز کے مطابق جولائی میں متعارف کرائی گئی ’ریکو‘ کا نام جاپانی زبان کے اس لفظ سے لیا گیا ہے جو سمندری جانور ’اوٹر‘ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ گاڑی کو جاپان کی مخصوص ’کی جیدوشا‘ یا لائٹ کار کیٹیگری کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، جو ملک کی آٹو مارکیٹ کا ایک منفرد اور مقبول حصہ ہے۔
جاپان میں ’کی کار‘ کی زیادہ سے زیادہ لمبائی 3.4 میٹر اور چوڑائی 1.48 میٹر تک ہوتی ہے، جبکہ ان گاڑیوں کے لیے ٹیکس اور انشورنس کے خصوصی قواعد بھی موجود ہیں۔ کم حجم، نسبتاً کم لاگت اور شہری علاقوں میں آسان ڈرائیونگ کے باعث یہ گاڑیاں جاپانی صارفین میں خاصی مقبول ہیں۔
بی وائی ڈی ریکو کی ابتدائی قیمت 21 لاکھ 45 ہزار ین مقرر کی گئی ہے، جو تقریباً 13 ہزار امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس قیمت کے عوض صارفین کو جدید فیچرز کے ساتھ مناسب ڈرائیونگ رینج بھی فراہم کی جائے گی۔ جاپان میں نسان کی ’ساکورا‘ پہلے ہی الیکٹرک منی کار کے شعبے میں نمایاں مقام رکھتی ہے، تاہم بی وائی ڈی کا دعویٰ ہے کہ ریکو زیادہ فیچرز اور مکمل چارج پر بہتر رینج پیش کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق جاپانی صارفین کی مقامی کار ساز کمپنیوں کے ساتھ مضبوط وابستگی بی وائی ڈی کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ اس کے باوجود ’کی کار‘ سیگمنٹ میں داخل ہوکر چینی کمپنی نے پہلی مرتبہ جاپانی صارفین کی شہری اور روزمرہ نقل و حرکت کی ضروریات کو براہِ راست ہدف بنانے کی کوشش کی ہے، جو اس کی جاپانی مارکیٹ حکمت عملی میں اہم تبدیلی قرار دی جارہی ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











