بدھ، 29-جولائی،2026
بدھ 1448/02/15هـ (29-07-2026م)

وفاقی بورڈ نے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا

29 جولائی, 2026 13:17

وفاقی بورڈ نے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات میں شریک طلبہ میں سے دسویں جماعت کا نتیجہ جاری کیا گیا ہے، جبکہ نویں جماعت کے نتائج کا اعلان بھی جلد متوقع ہے۔

ایف بی آئی ایس ای کے تحت اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں کے طلبہ نے امتحانات میں حصہ لیا تھا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی طلبہ بھی اس امتحانی نظام کا حصہ تھے۔

اعلان کردہ نتائج کے مطابق دسویں جماعت میں پہلی پوزیشن PAEC ماڈل کالج فار بوائز، چشمہ، ضلع میانوالی کے طالب علم علی مرتضیٰ نے حاصل کی۔ انہوں نے مجموعی طور پر 1,092 نمبر حاصل کیے۔ دوسری پوزیشن تین طلبہ نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔ ان تینوں نے 1,089 نمبر حاصل کیے۔

دوسری پوزیشن حاصل کرنے والوں میں اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز، F-8/4 کی سویرا شمشیر، فوجی فاؤنڈیشن کالج فار گرلز، نیو لالہ زار راولپنڈی کینٹ کی خدیجہ محبوب اور صدیق پبلک اسکول اینڈ کالج فار گرلز، سکستھ روڈ سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی کی ماہ نور فاطمہ شامل ہیں۔

تیسری پوزیشن بھی دو طالبات نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔ سرسید ہائی اسکول کیمپس-IV، گدوال، واہ کینٹ کی منتہا فخر اور آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج (FWO)، کوبی لائنز، راولپنڈی کی ماہین افضل نے 1,087، 1,087 نمبر حاصل کیے۔

طلبہ اپنے دسویں جماعت کے نتائج 2026 آن لائن بھی چیک کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں ایف بی آئی ایس ای کی ویب سائٹ پر جاکر ایس ایس سی رزلٹ 2026 کا متعلقہ سیکشن کھولنا ہوگا۔ اس کے بعد رول نمبر سمیت مطلوبہ معلومات درج کرکے نتیجہ دیکھا جا سکتا ہے۔ طلبہ اپنے رزلٹ کارڈ کو مستقبل کے لیے ڈاؤن لوڈ یا پرنٹ بھی کر سکتے ہیں۔

نتیجہ معلوم کرنے کا دوسرا آسان طریقہ ایس ایم ایس ہے۔ طلبہ اپنے موبائل فون کے میسج آپشن میں جا کر FB کے بعد اسپیس دے کر اپنا رول نمبر لکھیں اور اسے 5050 پر بھیج دیں۔ ایس ایم ایس کے ذریعے طلبہ کو اپنے امتحانی نتیجے سے متعلق معلومات موصول ہو جائیں گی۔

دسویں جماعت کے نتائج جاری ہونے کے بعد اب نویں جماعت کے طلبہ کی نظریں اپنے رزلٹ پر ہیں۔ وفاقی بورڈ کی جانب سے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان بھی جلد کیے جانے کا امکان ہے۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔