پیر، 31-اگست،2026
پیر 1448/03/18هـ (31-08-2026م)

کراچی کی شناخت، سرکاری اسکولوں میں ممتاز دہلی گورنمنٹ اسکول سیل، 2 ہزار طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

31 اگست, 2026 12:12

کراچی: فیڈرل بی ایریا میں قائم معروف دہلی گورنمنٹ اسکول کو عدالتی حکم پر سیل کردیا گیا، جس کے بعد اسکول میں زیر تعلیم تقریباً 2 ہزار طلبہ و طالبات کے مستقبل کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی۔

عدالتی احکامات کے تحت اسکول کی عمارت سیل کی گئی ہے جبکہ محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے عمارت کے باہر تحریری نوٹس بھی آویزاں کردیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن سیکنڈری ارشد بیگ کے مطابق دہلی اسکول کی عمارت میں بیک وقت تین سرکاری اسکول قائم ہیں اور ان میں مجموعی طور پر تقریباً 2 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسکول کی عمارت سیل ہونے کے بعد محکمہ تعلیم نے طلبہ کو قریبی سرکاری اسکولوں میں منتقل کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے، جس پر کام جاری ہے۔

دہلی گورنمنٹ اسکول کو کراچی کے ان سرکاری تعلیمی اداروں میں شمار کیا جاتا تھا جنہوں نے ماضی میں نمایاں تعلیمی نتائج دیے۔ 1980ء اور 1990ء کی دہائی میں اسکول کا شمار شہر کے ممتاز سرکاری اسکولوں میں ہوتا تھا اور اس کے طلبہ میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرتے رہے ہیں۔

اسکول کی موجودہ صورتحال کے باعث طلبہ، والدین اور اساتذہ میں تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ محکمہ تعلیم نے انہیں مزید رہنمائی کے لیے متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس یا ڈائریکٹوریٹ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ارشد بیگ کے مطابق دہلی اسکول کی عمارت کو اینگرو اورینٹل اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے حوالے کرنے سے متعلق عدالت کی جانب سے 2007ء میں احکامات جاری کیے گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سرکاری اسکول شہری حکومتوں کے انتظام میں تھے اور اُس وقت کے سٹی ناظم مصطفیٰ کمال نے اسکول کو سرکاری تحویل میں رکھنے کے لیے کردار ادا کیا تھا۔

ارشد بیگ کے مطابق اسی عرصے سے محکمہ تعلیم اسکول کی عمارت کو سرکاری تحویل میں برقرار رکھنے کی کوشش کرتا رہا۔ ان کے بقول محکمہ باقاعدگی سے عمارت کے کرائے کی ادائیگی بھی کرتا رہا اور آخری مرتبہ جون 2006ء تک کرایہ ادا کیا گیا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ فریق اسکول کی عمارت کو سرکاری تحویل میں رکھنے پر کسی طور رضامند نہیں ہوئے۔

اسکول کی عمارت سیل کیے جانے کے بعد محکمہ اسکول ایجوکیشن نے طلبہ کو متبادل سرکاری اسکولوں میں منتقل کرنے کے لیے منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کوشش کی جارہی ہے کہ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو اور انہیں قریبی تعلیمی اداروں میں ایڈجسٹ کیا جاسکے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے طلبہ اور اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مزید معلومات اور انتظامی معاملات کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس یا ڈائریکٹوریٹ سے رابطہ کریں۔

دہلی گورنمنٹ اسکول کی عمارت کی بندش نے ایک جانب بڑی تعداد میں طلبہ کے تعلیمی مستقبل کے حوالے سے سوالات کھڑے کردیئے ہیں تو دوسری جانب کراچی کے ایک تاریخی سرکاری تعلیمی ادارے کے مستقبل پر بھی بحث شروع ہوگئی ہے۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔