پنجاب کے سرکاری اسکولوں کی بہتری کیلئے گریڈز منصوبے پر اہم پیش رفت

پنجاب کے سرکاری اسکولوں کی بہتری کے لیے شروع کیے گئے گریڈز منصوبے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے منصوبے کے لیے رواں مالی سال میں 5 ارب 80 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی درخواست کردی ہے۔
دستاویزات کے مطابق گریڈز منصوبے کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بھی 5 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اب اس رقم کے اجرا کا معاملہ منظوری کے لیے پی اینڈ ڈی بورڈ کو بھجوا دیا گیا ہے۔ منظوری کے بعد منصوبے پر مختلف شعبوں میں کام کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
دستاویزات کے مطابق گریڈز منصوبے کی مجموعی لاگت 41 ارب 67 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں تعلیمی سہولیات بہتر بنانا اور طلبہ کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔
منصوبے کے تحت صوبے بھر میں 5 ہزار 438 اضافی کلاس رومز تعمیر کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اسکولوں میں 5 لاکھ نئے بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے مزید بچوں کو سکول کی تعلیم تک رسائی دینے کی کوشش کی جائے گی۔
گریڈز منصوبے میں اساتذہ کی تربیت کو بھی اہم حصہ بنایا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت ایک لاکھ 27 ہزار اساتذہ کو جدید تدریسی طریقوں کی تربیت دی جائے گی۔ اس تربیت کا مقصد اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور کلاس روم میں نئے طریقۂ تدریس کو فروغ دینا ہے۔
منصوبے کے فنڈز صرف تعمیراتی کاموں تک محدود نہیں رہیں گے۔ رقم کا ایک حصہ تعلیمی مواد کی فراہمی پر بھی خرچ کیا جائے گا۔ طلبہ کی تعلیمی کارکردگی جانچنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ اسکولوں کے مالیاتی نظام کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









