جامعہ کراچی مستقل وائس چانسلر سے محروم، ایک بار پھر عارضی انتظام

کراچی: سندھ کی سب سے بڑی سرکاری جامعہ، جامعہ کراچی ایک بار پھر عارضی انتظام کے تحت چلنے لگی ہے، جہاں قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل احمد کے بیرونِ ملک روانہ ہونے کے بعد روزمرہ انتظامی امور کی ذمہ داری فیکلٹی آف فارمیسی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر حارث شعیب کو سونپ دی گئی ہے۔
ڈاکٹر محمد طفیل احمد کو جولائی کے آخری ہفتے میں جامعہ کراچی کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔ اب وہ 20 روزہ غیر ملکی دورے پر امریکا، کینیڈا اور سری لنکا روانہ ہوئے ہیں، جس کے دوران جامعہ کراچی کے معمول کے انتظامی امور ڈاکٹر حارث شعیب دیکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طفیل احمد کا تقریباً دو ماہ کے دوران یہ دوسرا غیر ملکی تعلیمی دورہ ہے۔ ان کی غیر موجودگی میں جامعہ کراچی، جس میں تقریباً 46 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں، مستقل وائس چانسلر کے بغیر عارضی انتظام کے تحت کام کرے گی۔
جامعہ کراچی کے مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی بھی تاحال زیر التوا ہے۔ ذرائع کے مطابق مستقل وائس چانسلر کے لیے تین امیدواروں کے ناموں پر مشتمل سمری وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ چکی ہے، تاہم اس پر تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔
جامعہ کراچی میں یہ انتظام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 2027 کے تعلیمی سیشن کے لیے داخلوں کا عمل جاری ہے۔ مختلف پروگرامز کے لیے انٹری ٹیسٹ 11 اکتوبر کو شیڈول ہیں جبکہ اوپن میرٹ داخلے بھی اسی روز شروع ہونے ہیں۔
قائم مقام وائس چانسلر کی بیرونِ ملک موجودگی کے دوران جامعہ کے روزمرہ معاملات سینئر ڈین کی نگرانی میں چلائے جائیں گے، جبکہ مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کا فیصلہ ہونے تک یونیورسٹی کا انتظام عارضی بنیادوں پر جاری رہے گا۔
جامعہ کراچی کی ویب سائٹ پر موجود انتظامی ریکارڈ میں بھی پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کو وائس چانسلر کے طور پر درج کیا گیا ہے، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد حارث شعیب سنڈیکیٹ کے رکن کے طور پر شامل ہیں۔
Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











