کراچی بورڈنے بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سائنس جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کردیے، کونکورڈیا کالج گلشنِ حدید کیمپس کی طالبہ جنت بنت علی نے 1005 نمبرز حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔
چیئرمین انٹر بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے سائنس جنرل گروپ کے نتائج کا اعلان کیا۔ ان کے مطابق پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ جنت بنت علی دوست نے 1100 میں سے 1005 نمبرز حاصل کیے اور اے ون گریڈ حاصل کیا۔
دوسری پوزیشن آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالب علم حمزہ شکیل ولد شکیل احمد نے حاصل کی۔ انہوں نے 1003 نمبرز کے ساتھ اے ون گریڈ حاصل کیا۔ بحریہ کالج ایم ٹی خان روڈ کی طالبہ لائبہ ذوالفقار بنت ذوالفقار علی نے 989 نمبرز حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی اور اے ون گریڈ اپنے نام کیا۔
چیئرمین انٹر بورڈ کراچی نے نمایاں کارکردگی پر آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے طالب علم نے سائنس جنرل گروپ میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کے مطابق طلبہ کی کامیابی ان کی محنت کے ساتھ اساتذہ اور ادارے کی بہترین رہنمائی کا نتیجہ ہے۔
فقیر محمد لاکھو کا کہنا تھا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ کا انٹرمیڈیٹ امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنا حوصلہ افزا امر ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیابیاں سندھ میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہیں۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات کے لیے مجموعی طور پر 18 ہزار 913 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی تھی، جن میں سے 18 ہزار 591 طلبہ و طالبات امتحانات میں شریک ہوئے۔
ان کے مطابق امتحانات میں 10 ہزار 511 امیدوار کامیاب قرار پائے، جس کے بعد کامیابی کا مجموعی تناسب 56.54 فیصد رہا۔
نتائج کے مطابق 748 امیدواروں نے اے ون گریڈ حاصل کیا، جبکہ 2 ہزار 193 امیدوار اے گریڈ، 3 ہزار 184 بی گریڈ، 3 ہزار 76 سی گریڈ، ایک ہزار 280 ڈی گریڈ اور 20 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔
Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









