ہفتہ، 3-اکتوبر،2026
ہفتہ 1448/04/22هـ (03-10-2026م)

بلڈ پریشر سے آگے! زیادہ نمک کھانے کا ایک اور سنگین اثر سامنے آگیا

03 اکتوبر, 2026 12:55

نمک ہماری روزمرہ غذا کا اہم حصہ ہے۔ مناسب مقدار میں اس کا استعمال کھانے کا ذائقہ بہتر بنانے کے ساتھ جسم کی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ تاہم نمک کا بہت زیادہ استعمال صحت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اس سے ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ بڑھتا ہے، جو آگے چل کر امراض قلب اور فالج سمیت کئی مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔

اب ایک نئی طبی تحقیق میں نمک کے استعمال اور یادداشت کے درمیان تعلق بھی سامنے آیا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ غذا میں نمک کی مقدار بہت کم یا بہت زیادہ ہونے سے دماغی افعال اور یادداشت متاثر ہوسکتی ہے۔

یہ تحقیق Food Research International میں شائع ہوئی۔ محققین نے نمک کی مختلف مقداروں کے دماغ پر اثرات جانچنے کیلئے چوہوں پر تجربہ کیا۔ اس مقصد کیلئے چوہوں کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ کو بہت کم نمک والی غذا دی گئی، دوسرے کو زیادہ نمک والی غذا جبکہ تیسرے گروپ کو متوازن مقدار میں نمک والی غذا فراہم کی گئی۔

تجربے کے نتائج میں معلوم ہوا کہ بہت کم یا بہت زیادہ نمک والی غذا استعمال کرنے والے چوہوں میں یادداشت سے متعلق مسائل دیکھے گئے۔ محققین کے مطابق نمک کی مقدار میں عدم توازن نے دماغ کے ان حصوں کو بھی متاثر کیا جو یادیں بنانے اور محفوظ رکھنے میں کردار ادا کرتے ہیں۔

تحقیق میں بعض اہم پروٹینز کی سطح میں کمی بھی دیکھی گئی۔ یہ پروٹینز دماغ میں یادداشت سے متعلق مختلف کاموں کیلئے اہم سمجھے جاتے ہیں۔ نمک کی مقدار میں بہت زیادہ کمی یا زیادتی دماغ اور معدے کی صحت پر بھی منفی اثرات ڈال سکتی ہے۔

ماہرین کی توجہ خاص طور پر زیادہ نمک والی غذاؤں کی طرف بھی گئی ہے۔ موجودہ دور میں بہت سی الٹرا پراسیس غذاؤں میں نمک کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ اگر ایسی غذائیں مسلسل اور زیادہ مقدار میں استعمال کی جائیں تو مجموعی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

اس سے پہلے بھی نمک اور یادداشت کے حوالے سے تحقیق سامنے آچکی ہے۔ اپریل 2026 میں آسٹریلیا کی ایڈتھ کوون یونیورسٹی سے وابستہ ایک تحقیق میں زیادہ نمک کے استعمال اور یادداشت میں کمی کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا تھا۔ اس تحقیق میں خاص طور پر ذاتی تجربات اور ماضی کے واقعات سے متعلق یادداشت پر توجہ دی گئی۔

اس تحقیق میں 1,208 افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا۔ محققین نے نمک کے استعمال اور دماغی صحت سے متعلق مختلف عوامل کا تجزیہ کیا۔ نتائج میں زیادہ نمک کے استعمال اور یادداشت میں تنزلی کے درمیان تعلق رپورٹ کیا گیا۔

تحقیق میں ایک دلچسپ فرق بھی سامنے آیا۔ زیادہ نمک کے استعمال سے یادداشت پر منفی اثرات کا تعلق مردوں میں زیادہ نمایاں دیکھا گیا، جبکہ خواتین میں ایسا واضح تعلق سامنے نہیں آیا۔ محققین کے مطابق اس فرق کی وجہ جاننے کیلئے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ماہرین کے مطابق زیادہ نمک بلڈ پریشر بڑھا سکتا ہے۔ ہائی بلڈ پریشر خود دماغی صحت کیلئے ایک خطرہ بن سکتا ہے۔ اس لیے نمک کا زیادہ استعمال براہ راست یا بلڈ پریشر جیسے دیگر عوامل کے ذریعے دماغی صحت کو متاثر کرسکتا ہے۔

تاہم نئی تحقیق کا اہم حصہ چوہوں پر کیا گیا تجربہ ہے۔ اس لیے اس کے نتائج کو انسانوں پر براہ راست لاگو نہیں کیا جاسکتا۔ محققین نے بھی اس شعبے میں مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ یہ واضح ہوسکے کہ نمک کی مقدار اور انسانی یادداشت کے درمیان تعلق کس حد تک موجود ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔