جمعہ، 2-اکتوبر،2026
جمعہ 1448/04/21هـ (02-10-2026م)

روزانہ صرف چند منٹ کی تیز چہل قدمی دل کیلئے کتنی فائدہ مند؟ تحقیق میں اہم انکشاف

02 اکتوبر, 2026 09:58

روزانہ طویل ورزش کے لیے وقت نہ نکال پانے والے افراد کے لیے ایک تحقیق میں مختصر مگر تیز جسمانی سرگرمی کے ممکنہ فوائد سامنے آئے ہیں۔

برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع تحقیق کے مطابق روزمرہ زندگی میں مختصر وقفوں کے دوران تیز جسمانی سرگرمی کرنے والی خواتین میں دل سے متعلق بعض بڑے امراض کا خطرہ کم دیکھا گیا۔

تحقیق میں درمیانی عمر کے 81 ہزار سے زائد افراد کے جسمانی سرگرمی کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، جنہیں ایک ہفتے تک ایکٹیویٹی ٹریکرز کے ذریعے مانیٹر کیا گیا تھا۔

محققین نے خاص طور پر ان افراد کا جائزہ لیا جو باقاعدہ ورزش نہیں کرتے تھے۔ تقریباً 22 ہزار افراد ورزش نہ کرنے یا ہفتے میں ایک مرتبہ سے زیادہ ورزش نہ کرنے والے گروپ میں شامل تھے۔

تحقیق کے دوران تقریباً 8 سال تک شرکا کی صحت کا جائزہ لیا گیا۔ اس عرصے میں کچھ افراد کو ہارٹ اٹیک، فالج، ہارٹ فیلیئر یا دیگر قلبی مسائل کا سامنا ہوا۔

تحقیق میں خواتین کے حوالے سے نمایاں نتائج سامنے آئے۔ روزانہ اوسطاً 3.4 منٹ کی مختصر تیز جسمانی سرگرمی کرنے والی خواتین میں بڑے قلبی واقعات کا خطرہ تقریباً 45 فیصد کم دیکھا گیا، جبکہ ہارٹ اٹیک کے خطرے میں 51 فیصد اور ہارٹ فیلیئر کے خطرے میں 67 فیصد کمی سے تعلق سامنے آیا۔

محققین کے مطابق اس طرح کی سرگرمی میں تیز چلنا، سیڑھیاں تیزی سے چڑھنا یا روزمرہ زندگی میں مختصر مگر نسبتاً زیادہ شدت والی جسمانی حرکت شامل ہوسکتی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ خواتین میں روزانہ تقریباً ڈیڑھ منٹ کی ایسی سرگرمی بھی بڑے قلبی واقعات، ہارٹ اٹیک اور ہارٹ فیلیئر کے کم خطرے سے منسلک تھی۔ تاہم مردوں میں یہ تعلق اتنا واضح نہیں تھا۔

یہ نتائج باقاعدہ ورزش کا متبادل قرار نہیں دیے گئے، بلکہ تحقیق اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ روزمرہ زندگی میں مختصر اور نسبتاً تیز جسمانی سرگرمی بھی خاص طور پر غیر فعال افراد کے لیے مفید ہوسکتی ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔