ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

‘ہم نے دشمن کیساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے’، وزیر اعظم کا قوم سے خطاب

10 مئی, 2025 23:16

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے خصوصی خطاب میں کہا کہ ‘ہم نے دشمن کیساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے’۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملکی سرزمین کے دفاع کیلئے ہم سیسہ پلائی دیوار بن جاتے ہیں، عزت ،وقار اور خوداری ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ آج دل کی گہرائیوں سے قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ثابت کیا ہمیں اپنی خو دمختاری عزیز ہے،بھارت نے کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام کو بہانا بنا کر بلاجواز جنگ مسلط کی، دشمن نے گھمنڈ میں ہماری سرحدوں کی حرمت پامال کرنے کی کوشش کی۔

انکا کہنا تھا کہ بھارت نے میزائلوں سے معصوم جانوں کو نشانہ بناکر ہمارے صبر کا امتحان لیا، فوجی تنصیبات پر حملہ کیاگیا،دشمن کو اسی کی زبان میں جواب دینے کا فیصلہ کیا۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ دشمن نے گزشتہ دنوں بزدلانہ اورشرمناک فعل کیا، بہادر افواج نے پیشہ ورانہ انداز میں دشمن کو بھرپور جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا جو بات میز پرہونی تھی اب میدان جنگ میں ہوگی، بہادر سپوتوں نے چند گھنٹے میں دشمن کی توپوں کو خاموش کیا، دشمن کے فوجی اڈے ،اسلحہ ڈپو ،ایئرفیلڈز سب ملبے کے ڈھیر بن گئے، ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے۔

بھارت کے رافیل طیارے شاہینوں کے سامنے فیل ہوگئے، سیاسی جماعتوں اورپارلیمان کا بھی بے مثال اتحاد پر شکریہ ادا کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ نے قوم کو شاندار فتح سے نوازا ہے۔

وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ امن کیلئے جنگ بندی کی تجویز کا مثبت جواب دیا، تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے پرامن مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے گا۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک بھارت کشیدگی اور جنگ بندی پر کہا کہ مجھے پاکستان کی مسلح افواج، پاک بحریہ اور فضائیہ پر ہمیشہ سے یقین رہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، ہم نے بھارت کی نام نہاد فوجی قوت کو سخت ٹھیس پہنچائی ہے، آج ہماری قوم کا عزم بےمثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی عزم ہمارے آباؤ اجداد کے دو قومی نظریہ کو تقویت بخشتا ہے، قوم کو خوشی منانی چاہیے اور شہادت پانے والوں کیلئے دعا بھی کرنی چاہیے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔