ہفتہ، 9-مئی،2026
ہفتہ 1447/11/22هـ (09-05-2026م)

اورکزئی میں 2 افسران اور 9 جوانوں کی شہادت میں ملوث 30 دہشتگرد جہنم واصل

10 اکتوبر, 2025 09:13

اورکزئی میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے بھرپور آپریشن کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل جنید طارق، میجر طیب اور 9 جوانوں کی شہادت میں ملوث دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی اورکزئی میں جوابی کارروائیاں جاری ہیں، اورکزئی کے علاقے جمال مایا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا جس میں اورکزئی حملے میں ملوث بھارتی اسپانسرڈ 30 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گرد پاک فوج کے افسران اور جوانوں پر حملوں میں ملوث تھے، کامیاب آپریشن دہشت گردوں کیخلاف گھناؤنے عمل کا انتقام ہے، بھارتی اسپانسرڈ خوارج کی تلاش اور خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس آپریشن کیا جس میں 19 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 11 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 7 اور 8 اکتوبر 2025 کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں خفیہ اطلاع پر بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی موجودگی کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر فائرنگ سے 19 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج مارے گئے۔ تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق (عمر 39 سال، ضلع راولپنڈی) اور ان کے نائب میجر طیب راحت (عمر 33 سال، ضلع راولپنڈی) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

دونوں افسران کے ساتھ نو بہادر جوانوں نے بھی مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
شہداء میں شامل ہیں:

نائب صوبیدار اعظم گل (عمر 38 سال، ضلع خیبر)

نائیک عدیل حسین (عمر 35 سال، ضلع کرم)

نائیک گل امیر (عمر 34 سال، ضلع ٹانک)

لانس نائیک شیر خان (عمر 31 سال، ضلع مردان)

لانس نائیک طالش فراز (عمر 32 سال، ضلع مانسہرہ)

لانس نائیک ارشاد حسین (عمر 32 سال، ضلع کرم)

سپاہی طفیل خان (عمر 28 سال، ضلع مالاکنڈ)

سپاہی عاقب علی (عمر 23 سال، ضلع صوابی)

سپاہی محمد زاہد (عمر 24 سال، ضلع ٹانک)

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد کو علاقے سے مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم و حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔