لاہور میں ای چالان نادہندگان کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

Major Crackdown on E-Challan Defaulters
لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے لیے پولیس نے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
لاہور ٹریفک پولیس نے ای چالان کی رقم ادا نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نادہندہ گاڑیوں کی نشاندہی اور کارروائی کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ای چالان ریکوری اسکواڈز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں شہر کی ٹاپ 100 ای چالان نادہندہ گاڑیوں کی فہرست بھی فراہم کی گئی۔ افسران کو ہدایت دی گئی کہ سیف سٹی کے تعاون سے ان گاڑیوں کی فوری ٹریکنگ کی جائے اور انہیں قانون کے مطابق تحویل میں لیا جائے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق شہر میں اے این پی آر (ANPR) ٹیکنالوجی کے ذریعے بیس سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر خودکار ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ اب جن گاڑیوں کے مالکان بار بار جرمانے ادا نہیں کریں گے، ان کی گاڑیاں فوری طور پر تھانے منتقل کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ریکوری اسکواڈز بھی فیلڈ میں متحرک کر دیے گئے ہیں تاکہ کارروائی مؤثر انداز میں مکمل کی جا سکے۔
ای چالان ڈیفالٹرز کے لیے پولیس کی 14 اہم سہولیات بھی محدود کر دی گئی ہیں۔ سیف سٹی، پولیس خدمت مراکز اور ڈرائیونگ لائسنسنگ سسٹم کو ایک دوسرے سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ اس انضمام کے بعد نادہندہ افراد کو مختلف سرکاری خدمات حاصل کرنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، جب تک وہ اپنے واجبات ادا نہیں کرتے۔
دوسری جانب پنجاب بھر میں ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف بھی سخت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ نئی ہدایات کے مطابق بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کا صرف چالان ہی نہیں ہوگا بلکہ ان کی موٹرسائیکل ایک روز کے لیے بند بھی کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس نے لین لائن کی خلاف ورزی کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف بھی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ صرف لین لائن کی خلاف ورزی پر 20 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں بند کی گئیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











