ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
جمعہ 1447/04/18هـ (10-10-2025م)

نئے آئی فون 17 پرو کا کلیئر کیس ڈیزائن لیک؛ تین بڑی تبدیلیاں سامنے آگئیں

01 ستمبر, 2025 14:33

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل 9 ستمبر کو اپنی نئی آئی فون 17 سیریز متعارف کرانے جا رہی ہے، اور لانچ سے قبل ان ڈیوائسز سے متعلق مزید تفصیلات اور افواہیں منظرِ عام پر آ رہی ہیں۔

معروف ٹیک لیکر "ماجن بو” نے آئی فون 17 پرو اور پرو میکس کے لیے ایپل کے کلیئر کیس کی مبینہ تصاویر شیئر کی ہیں، جن سے نئے ماڈلز کے ممکنہ ڈیزائن اور تبدیلیوں کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

ماجن بو کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 17 پرو کے کلیئر کیس میں گزشتہ ماڈلز کے مقابلے میں تین نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پہلی اور سب سے بڑی تبدیلی کیمرہ کٹ آؤٹ میں دیکھنے میں آئی ہے، جو اب پہلے سے زیادہ بڑا ہے اور ڈیوائس کی تقریباً مکمل چوڑائی پر محیط ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کیمرہ ماڈیول کو مزید وسعت دی گئی ہے۔

مزید برآں، میگ سیف سسٹم کے گرد ایک نیا سفید ڈیزائن شامل کیا گیا ہے، جو گزشتہ دائرہ نما ڈیزائن اور لائن کی جگہ لے رہا ہے۔ اس بار ایپل نے کلیئر کیس کو اس انداز سے ڈیزائن کیا ہے کہ وہ کمپنی کے نئے "کراس باڈی اسٹرپ” کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے، جو صارفین کو فون اٹھانے اور لے جانے میں اضافی سہولت فراہم کرے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بار کلیئر کیس مکمل طور پر شفاف نہیں رکھا گیا، بلکہ یہ فون کے شیشے اور میگ سیف حصوں کو جزوی طور پر ڈھانپتا ہے، جو اسے گزشتہ برسوں کے ماڈلز سے ممتاز بناتا ہے۔ ایپل نے اپنے مشہور لوگو کی نئی نچلی پوزیشن کو بھی ڈیزائن میں خوبصورتی سے ضم کرنے کا حل شامل کیا ہے۔

ماجن بو کے مطابق ایپل نے آئی فون 17 پرو کے کلیئر کیس کے "ٹِنٹڈ” ایڈیشنز بھی آزمائے ہیں، جنہیں ممکنہ طور پر بعد میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ کلیئر کیس لائن اپ ایک ایسا کرسٹل نما آپشن پیش کرتی ہے جو فون کے خوبصورت ڈیزائن کو ابھارتے ہوئے اسے مضبوط تحفظ فراہم کرتی ہے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔