نئے بجٹ میں موبائل صارفین کیلئے بڑی خوشخبری

نئے بجٹ میں موبائل صارفین کیلئے بڑی خوشخبری
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے حکومت کو سفارش کی ہے کہ موبائل سروسز پر عائد مختلف ٹیکسوں میں کمی کی جائے تاکہ صارفین کو مالی ریلیف مل سکے اور ملک میں ڈیجیٹل سہولیات کا دائرہ مزید وسیع ہو۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ آئی ٹی نے اپنی بجٹ تجاویز وزارتِ خزانہ کو ارسال کر دی ہیں۔ ان تجاویز میں موبائل صارفین پر لگنے والے 15 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس اور 19.5 فیصد جنرل سیلز ٹیکس کو مرحلہ وار کم کرنے کی سفارش شامل ہے۔
وزارتِ آئی ٹی کا مؤقف ہے کہ اگر موبائل اور انٹرنیٹ سروسز پر ٹیکس کم کیے جائیں تو زیادہ لوگ ڈیجیٹل سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس سے نہ صرف انٹرنیٹ کا استعمال بڑھے گا بلکہ آن لائن تعلیم، کاروبار اور دیگر ڈیجیٹل خدمات تک رسائی بھی آسان ہو جائے گی۔
بجٹ تجاویز میں براڈ بینڈ آلات اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر پر عائد ڈیوٹیز کم کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ اگر نیٹ ورک کے آلات سستے ہوں گے تو ٹیلی کام کمپنیاں اپنی سروسز کو بہتر بنانے اور نئے علاقوں تک پہنچانے میں زیادہ سرمایہ کاری کر سکیں گی۔
وزارت نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ نجی شعبے کی شمولیت سے جدید ٹیکنالوجی تیزی سے متعارف ہوگی اور ڈیجیٹل معیشت کو مزید فروغ ملے گا۔
یاد رہے کہ ٹیلی کام انڈسٹری پہلے ہی حکومت سے ٹیکسوں میں نرمی کا مطالبہ کر چکی ہے۔ شعبے سے وابستہ اداروں کا خیال ہے کہ اگر ٹیکس کم کیے جائیں تو ملک میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے "ڈیجیٹل پاکستان” کے خواب کو حقیقت بنانے میں مدد ملے گی۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












