بدھ، 22-اپریل،2026
بدھ 1447/11/05هـ (22-04-2026م)

غزہ میں اسرائیل کا مصنوعی ذہانت کے ذریعے قتل عام کا انکشاف

22 اپریل, 2026 08:53

اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں انسانی جانوں کے زیاں کے لیے قاتلانہ مصنوعی ذہانت کے نظام ’لیونڈر‘ اور ’وہیئر از ڈیڈی‘ کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

اسرائیلی فوج نے مصنوعی ذہانت کو ایک ایسے موت کے کارخانے میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں انسانی جانوں کا فیصلہ محض چند سیکنڈ میں ایک کمپیوٹر الگورتھم کرتا ہے۔

اس پورے عمل میں انسانی مداخلت اور اخلاقیات کو مکمل طور پر پس پشت ڈال دیا گیا ہے اور فوجی افسران محض مشین کے فیصلے پر مہر تصدیق ثبت کرنے کا کام کر رہے ہیں۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ’لیونڈر‘ نامی اس جدید نظام نے غزہ کے 23 لاکھ باشندوں کی نگرانی کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا اور 37 ہزار ایسے افراد کی فہرست تیار کی، جن پر عسکریت پسند ہونے کا شبہ تھا۔

اس نظام کے تحت کام کرنے والے انٹیلی جنس افسران نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ایک ہدف کی تصدیق کے لیے محض بیس سیکنڈ صرف کرتے تھے اور روزانہ درجنوں ناموں کو حملے کے لیے منظور کیا جاتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کا غزہ میں حماس کے بہانے تباہ کن آپریشن شروع کرنے کا منصوبہ

ایک فوجی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس پورے عمل میں ایک انسان کے طور پر اس کی حیثیت صفر تھی اور اس کا کام محض مشین کے فیصلے کی منظوری دینا تھا۔

حملوں کے لیے ایک اور سفاکانہ نظام ’وہیئر از ڈیڈی‘ یعنی ’ابو کہاں ہیں‘ کا استعمال کیا گیا۔ اس نظام کا مقصد ہدف بننے والے شخص کی نگرانی کرنا اور اسے اس وقت نشانہ بنانا تھا، جب وہ اپنے گھر میں اہل خانہ کے ساتھ موجود ہوتا تھا۔

فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اس بات کی کوئی پرواہ نہیں تھی کہ مطلوبہ شخص کے ساتھ اس کے بچے اور خاندان کے دیگر معصوم افراد بھی مارے جائیں گے۔

’لیونڈر‘ نظام میں غلطی کا تناسب دس فیصد پایا گیا ہے، جس کا اعتراف خود اسے بنانے والوں نے بھی کیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہزاروں افراد ایسے تھے، جن کا کسی مسلح گروہ سے کوئی تعلق نہیں تھا، لیکن وہ محض ٹیکنالوجی کی غلطی کی وجہ سے موت کی فہرست میں شامل ہو گئے۔

اسرائیلی فوج نے شہری ہلاکتوں کا ایک وحشت ناک کوٹہ بھی مقرر کر رکھا ہے، جس کے تحت ایک ادنیٰ درجے کے ہدف کے لیے 15 سے 20 اور کسی کمانڈر کے لیے 100 عام شہریوں کی ہلاکت کو قابل قبول قرار دیا گیا ہے۔ اس پالیسی کی وجہ سے غزہ میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں کا قتل عام ایک معمول بن چکا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔