جمعہ، 24-اپریل،2026
جمعہ 1447/11/07هـ (24-04-2026م)

ایران کو پتھر کے دور میں واپس بھیجنے کیلئے امریکہ کے اشارے کا انتظار ہے، اسرائیلی وزیر دفاع

24 اپریل, 2026 08:34

اسرائیلی وزیر دفاع نے اعلان کیا ہے کہ تل ابیب ایران کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر کے اسے پتھر کے دور میں واپس بھیجنے کے لیے امریکہ کی منظوری کا منتظر ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹس نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج ایران کے خلاف جنگ کا نیا محاذ کھولنے کے لیے تیار ہے اور اس سلسلے میں صرف امریکہ کے گرین سگنل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

یسرائیل کاٹس کے مطابق اسرائیل کا ارادہ ہے کہ وہ ایران کے توانائی کے مراکز اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو اس طرح تباہ کر دے کہ وہ ملک پتھر کے دور میں واپس چلا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران پر جوہری حملے کے امکان سے انکار

اسرائیلی وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ اگر جنگ دوبارہ شروع ہوتی ہے تو ان کا پہلا بڑا ہدف مجتبیٰ خامنہ ای ہوں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی قیادت اس وقت خوف کے مارے سرنگوں میں چھپی ہوئی ہے اور انہیں فیصلے کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے مطابق خطے میں امریکی فوجی نقل و حرکت میں تیزی آگئی ہے اور ہتھیاروں کی بڑی کھیپ فضائی راستے سے منتقل کی جا رہی ہے۔

امریکہ سے ایندھن بھرنے والے طیارے بھی تل ابیب پہنچ چکے ہیں، جس سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ جنگ کسی بھی وقت چھڑ سکتی ہے۔

اس صورتحال میں ایک پاکستانی سفارت کار نے عرب میڈیا کو بتایا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات مکمل طور پر معطل ہو چکے ہیں اور ان میں کسی قسم کی پیش رفت نہیں ہو رہی۔

ایران نے واضح کیا ہے کہ جب تک بحری ناکہ بندی ختم نہیں ہوتی وہ مذاکرات کی میز پر نہیں آئے گا، جبکہ واشنگٹن ناکہ بندی برقرار رکھنے پر بضد ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔