ہفتہ، 23-مئی،2026
ہفتہ 1447/12/06هـ (23-05-2026م)

ایران کا اقوام متحدہ میں مؤقف؛ یو اے ای نیوکلیئر پلانٹ پر ڈرون حملے کے الزامات مسترد

23 مئی, 2026 13:55

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے امریکا کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے بارکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر ڈرون حملے سے متعلق الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور سلامتی کونسل کے موجودہ صدر کو لکھے گئے خطوط میں کہا کہ امریکا نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایران پر بغیر کسی ثبوت کے الزامات عائد کیے، جو کہ غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔

ایرانی سفیر کے مطابق ایران ایک پرامن نیوکلیئر پروگرام رکھتا ہے اور اس کے خلاف لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران خود بھی ماضی میں اپنے جوہری تنصیبات پر حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی بھی پرامن نیوکلیئر تنصیب پر حملہ بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور آئی اے ای اے کے قواعد کی خلاف ورزی ہے اور اس کے سنگین ماحولیاتی اور انسانی نتائج ہو سکتے ہیں۔

ایران نے امریکا اور اسرائیل پر خطے میں کشیدگی بڑھانے کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ یہ دونوں ممالک خطے میں عدم استحکام کی بڑی وجہ ہیں۔

ایرانی نمائندے کے مطابق امریکا نے ماضی میں جوہری معاہدے (جے سی پی او اے) سے یکطرفہ طور پر نکل کر سفارتی عمل کو نقصان پہنچایا اور ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں کے باعث خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

ایران نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے الزامات اور اقدامات کا نوٹس لے جو خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔