ہفتہ، 22-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/09هـ (22-08-2026م)

برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا نے اسرائیلی فوج کے متنازع فیصلے کو شرمناک قرار دیدیا

22 اگست, 2026 08:51

غزہ میں امدادی سرگرمیوں کے دوران ورلڈ سینٹرل کچن کے 7 کارکنوں کی شہادت کے معاملے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فوجداری تحقیقات آگے نہ بڑھانے کے فیصلے پر برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا نے شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تینوں ممالک نے مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ طویل عرصے سے اسرائیل پر زور دیتے رہے ہیں کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور اگر کسی کی غفلت یا غلطی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کا احتساب کیا جائے۔

مشترکہ بیان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے تحقیقات ختم کرنے کے فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ امدادی کارکنوں کی حفاظت یقینی بنانا عالمی انسانی قانون کی بنیادی ضرورت ہے۔

تینوں ممالک نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ تحقیقات ختم کرنے کا اعلان عالمی یومِ انسانیت کے موقع پر کیا گیا، جس کے باعث فیصلے پر تنقید مزید شدت اختیار کر گئی۔

یہ واقعہ یکم اپریل 2024 کو پیش آیا تھا، جب غزہ میں ورلڈ سینٹرل کچن کے امدادی کارکنوں کے قافلے کو اسرائیلی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

حملے میں تنظیم کے 7 کارکن شہید ہوئے، جن میں 3 برطانوی، ایک امریکی نژاد کینیڈین، ایک آسٹریلوی، ایک پولش اور ایک فلسطینی شہری شامل تھے۔

امدادی کارکن غزہ میں جنگ سے متاثرہ فلسطینیوں تک خوراک اور دیگر ضروری امداد پہنچانے کے لیے سرگرم تھے۔

اسرائیلی فوج نے واقعے کو ایک سنگین غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوجی اہلکاروں نے گاڑیوں کے قافلے کی درست شناخت نہیں کی تھی۔

اسرائیلی تحقیقات کے مطابق فوجی افسران کو شبہ تھا کہ قافلے میں حماس کا کوئی مسلح رکن موجود ہے، تاہم بعد میں یہ اندازہ غلط ثابت ہوا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات میں آپریشنل اور فیصلہ سازی سے متعلق خامیاں سامنے آئی ہیں، تاہم دستیاب شواہد کی بنیاد پر متعلقہ کمانڈروں کے فیصلے فوجداری کارروائی کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔

اسی بنیاد پر اسرائیلی فوج نے فوجداری تحقیقات کو مزید آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ورلڈ سینٹرل کچن نے اسرائیلی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے انصاف اور مکمل سچائی کے تقاضوں کے منافی قرار دیا ہے۔

امدادی تنظیم کا کہنا ہے کہ واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات ضروری ہیں کیونکہ کسی فوجی ادارے سے یہ توقع نہیں کی جاسکتی کہ وہ اپنے ہی اقدامات کی مکمل اور قابلِ اعتماد تحقیقات کرے۔

تنظیم نے ایک آزاد تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ حملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جاسکے اور ذمہ دار افراد کا تعین کیا جاسکے۔

آسٹریلیا نے اسرائیلی فیصلے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسرائیلی سفیر کو طلب کیا ہے۔

آسٹریلوی حکام کا مؤقف ہے کہ امدادی کارکن جنگ زدہ علاقوں میں انسانی جانیں بچانے اور ضرورت مند افراد تک بنیادی اشیا پہنچانے کے لیے کام کرتے ہیں، اس لیے ان کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔

برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا نے واضح کیا ہے کہ امدادی کارکنوں کے خلاف ایسے واقعات میں جواب دہی اور مؤثر احتساب انتہائی ضروری ہے۔

غزہ میں جاری جنگ کے دوران امدادی کارکنوں کی حفاظت پہلے ہی ایک بڑا عالمی مسئلہ بن چکی ہے۔ ورلڈ سینٹرل کچن کے کارکنوں کی ہلاکت اور اس کے بعد فوجداری تحقیقات آگے نہ بڑھانے کے اسرائیلی فیصلے نے ایک بار پھر جنگی علاقوں میں انسانی امداد فراہم کرنے والے کارکنوں کے تحفظ اور احتساب کے معاملے کو عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔