اتوار، 14-جون،2026
اتوار 1447/12/28هـ (14-06-2026م)

2027 سے متعلق خطرناک پیشگوئی؛ ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجادی

01 جون, 2026 11:36

عالمی موسمیاتی ماہرین نے 2027 کے حوالے سے ایک تشویشناک انتباہ جاری کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (WMO) کی نئی رپورٹ کے مطابق دنیا میں درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے اور امکان ہے کہ 2027 انسانی تاریخ کے گرم ترین سالوں میں سرفہرست ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پہلے ہی دنیا کے مختلف خطوں میں محسوس کیے جا رہے ہیں اور آئندہ چند برسوں میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2026 سے 2030 تک عالمی درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا قوی امکان ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس عرصے کے دوران کم از کم ایک سال ایسا ہو سکتا ہے جو ماضی کے تمام درجہ حرارت کے ریکارڈ توڑ دے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق 2027 اس حوالے سے سب سے نمایاں سال ثابت ہو سکتا ہے۔ اس صورتحال نے ماحولیات کے ماہرین اور عالمی اداروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کے مطابق صنعتی دور سے پہلے کے مقابلے میں زمین کا اوسط درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے۔ عالمی حدت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی اہم حد کے قریب پہنچ چکی ہے۔ یہی وہ حد ہے جسے پیرس ماحولیاتی معاہدے میں موسمیاتی خطرات کو محدود رکھنے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا گیا تھا۔

رپورٹ میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران دنیا کے بیشتر سال ریکارڈ گرم ترین سالوں میں شامل رہے ہیں۔ 2015 کے بعد سے عالمی درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسی وجہ سے گرمی کی لہروں، جنگلات میں آگ، خشک سالی اور شدید بارشوں کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

اقوام متحدہ کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ پانچ برسوں میں 86 فیصد امکان موجود ہے کہ کوئی ایک سال 2024 کے درجہ حرارت کا ریکارڈ بھی توڑ دے گا۔ اس پیشگوئی نے عالمی سطح پر موسمیاتی خطرات کے بارے میں تشویش مزید بڑھا دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2026 کے اختتام تک ال نینو سسٹم دوبارہ فعال ہو سکتا ہے۔ اس موسمی نظام کے باعث 2027 میں دنیا کے مختلف حصوں میں شدید گرمی، غیر معمولی بارشیں، طاقتور طوفان اور خشک سالی کے واقعات بڑھنے کا امکان ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔