جمعرات، 18-جون،2026
جمعرات 1448/01/03هـ (18-06-2026م)

امریکہ نے ایک ہی رات میں ایران پر لگی پابندیاں ختم کر دیں، معاہدہ توڑنے پر سخت جواب دیں گے، ایرانی اسپیکر

18 جون, 2026 09:00

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ امریکہ نے ایران پر لگی تمام پابندیاں ختم کر دی ہیں اور معاہدے کے تحت ایران کو 300 ارب ڈالر ملیں گے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اگر امریکہ اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے ہٹا تو تہران بھی اپنے وعدے پورے کرنا بند کر دے گا، کیونکہ یہ معاہدہ قدم بہ قدم کے اصول پر مبنی ہے۔

ایرانی ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مذاکرات کی رہنمائی پر سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کا شکریہ ادا کیا اور ایرانی عوام کے اتحاد کی تعریف کی۔

انہوں نے بتایا کہ معاہدے کی دفعہ 6 کے تحت ایران میں تعمیر نو اور معاشی ترقی کیلئے 300 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جس کا کچھ حصہ سرمایہ کاری کیلئے استعمال ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ 30 دن کے اندر پابندیاں ختم ہونے کا خدشہ غلط ثابت ہوا کیونکہ امریکہ نے صرف 3 دن کے اندر تمام پابندیاں اٹھا لیں۔

قالیباف نے اس معاہدے کو امریکہ کی شکست کی دستاویز قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام اس کا فیصلہ نتائج دیکھ کر کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے، ایران کے پاس میزائل نہ ہونا ناانصافی ہوگی، ٹرمپ

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ہی رات میں پابندیوں کا خاتمہ نافذ کیا اور لبنان میں جنگ بندی جو پہلے صرف بیروت کے جنوبی حصوں تک تھی، اب پورے لبنان تک پھیلا دی گئی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایران جانتا ہے کہ وہ ایک ناقابل بھروسہ دشمن سے بات کر رہا ہے، اس لیے تہران کا ردعمل واشنگٹن کے رویے پر منحصر ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ آبنائے ہرمز اب جنگ سے پہلے والی صورتحال پر واپس نہیں جائے گی اور ساحلی ممالک کو عالمی قانون کے تحت معاوضہ لینے کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ منجمد اثاثے ایرانی مرکزی بینک کے کنٹرول میں دیئے جائیں۔ اسپیکر نے کہا کہ ایران نے میدان جنگ میں حاصل کی گئی کامیابیوں کی بدولت سفارت کاری میں بہت کچھ حاصل کیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا کی سب سے بڑی طاقت اور اسرائیل مل کر بھی ایران کے خلاف جنگ کے آغاز میں طے کیے گئے 9 مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

انہوں نے لبنان اور مزاحمتی محاذ کی قربانیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بیروت پر دوبارہ حملے کی صورت میں امریکہ کو وارننگ دے دی گئی ہے کہ ایران سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔