ہفتہ، 26-ستمبر،2026
ہفتہ 1448/04/15هـ (26-09-2026م)

ایران نے جنگ ختم کرنے اور ہرمز کو سات روز میں کھولنے کیلئے امریکا کو تجویز دے دی

26 ستمبر, 2026 08:00

نیویارک: ایران نے امریکا کو جنگ ختم کرنے اور آبنائے ہرمز کو سات روز کے اندر دوبارہ کھولنے کیلئے ایک تجویز پیش کردی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص شرائط پوری ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز سات روز میں کھولی جاسکتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع ہوسکتے ہیں۔

عباس عراقچی کے مطابق ایران نے اپنا منصوبہ ثالثوں کے ذریعے امریکی حکام تک پہنچا دیا ہے۔ تجویز پر عملدرآمد کی صورت میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ ختم کرنے اور حتمی معاہدے کیلئے مذاکرات کا دوبارہ آغاز کیا جاسکتا ہے۔

ایرانی تجویز میں مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی، ایران پر عائد امریکی معاشی دباؤ میں کمی اور بحری ناکہ بندی سے متعلق اقدامات شامل ہیں۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عباس عراقچی نے بتایا کہ تجویز میں منجمد ایرانی اثاثوں کی واپسی اور ایرانی تیل پر عائد پابندیوں میں نرمی کے مطالبات بھی شامل ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا کی جانب سے منصوبہ قبول کیے جانے کے ساتھ ہی سات روز کی مدت شروع ہوسکتی ہے اور ساتویں روز آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تہران اب امریکا کے جواب کا منتظر ہے۔

آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کیلئے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے۔ حالیہ جنگ اور کشیدگی کے دوران اس راستے سے تجارتی بحری جہازوں کی آمدورفت میں نمایاں کمی ہوئی ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر تیل اور گیس کی سپلائی بھی دباؤ کا شکار ہوئی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔