مجرم کو ویلکم کرنے پر لوگوں میں شدید غصہ ہے، عمران خان نے گرفتار ہونا ہی ہے : رانا ثناءاللہ

اسلام آباد : وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نے جو کر دیا ہے، پوری قوم دل گرفتہ ہے، یہ فتنہ پورے سال سے انویسٹمنٹ کر رہا تھا، عمران خان نے گرفتار ہونا ہی ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس سمیت یہ تمام چیزیں زیر غور ہیں، لوگ اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے جو کر دیا ہے، جس رویے کا اظہار کیا۔ اس پر پوری قوم دل گرفتہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کے اونچے ایوان میں بیٹھ کر جانبداری کو لوگ ہضم نہیں کر پا رہے۔ قومی خزانے کے 60 ارب روپے کے ڈاکے کے مجرم کو جس طرح ویلکم کیا گیا، لوگوں میں شدید غم و غصہ ہے۔ آج جو احتجاج ہو رہا ہے اس میں یقینی بنایا ہے کہ کوئی شر پسند فائدہ نہ اٹھا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : عمران ریاض کو گرفتار کرنے پر ایس ایچ او سیالکوٹ معطل
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گرفتار ہونا ہی ہے، اس کے جرائم کی فہرست میں 9 مئی کو اضافہ ہوا۔ یہ فتنہ پورے سال سے انویسٹمنٹ کر رہا تھا۔ تمام ٹارگٹ مقرر تھے کہ کہاں جہاز جلانا ہے، کہاں شہدا کی یادگار کو توڑنا ہے۔ انصاف کے کٹہرے میں آ کر سامنا کرنا پڑے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جب انصاف کے اعلیٰ ایوانوں میں بیٹھ کر قانون کی پاسداری نہ ہو تو عام لوگوں اور سیاسی ورکرز سے پاسداری کروانا مشکل ہوتا ہے۔ نگراں حکومتوں کو اندازہ نہیں تھا کہ ایسے مقامات کو نشانہ بنایا جائے گا۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ اگر توہین عدالت کا نوٹس جاری ہوا تو پارلیمنٹ فیصلہ کرے گی کہ کیا کرنا ہے۔ نگراں حکومتوں نے اس وقت تک رہنا ہے، جب تک الیکشن نہیں ہو جاتے۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










