ہفتہ، 20-جون،2026
جمعہ 1448/01/04هـ (19-06-2026م)

فیض آباد دھرنا کیس: گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری

16 نومبر, 2023 19:06

اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے فیض آباد دھرنا کیس کی گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ فیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ پرتشدد واقعات کی نشاندہی کررہا تھا، فیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ مستقبل کے خدشات واضح کررہا تھا، فیض آباد دھرنا کیس فیصلے کو مختلف حکومتو ں نے 5 سال تک نظرانداز کیا۔

چیف جسٹس نے فیض آباد دھرنا کیس سماعت کے حکم نامے میں 9 مئی کے واقعات کا حوالہ دیا ہے۔

حکم نامے کے مطابق سپریم کورٹ نے کہا کہ نظرثانی درخواستوں کو سماعت کیلئے مقرر نہ کرنے سے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوسکا، ماضی کے پرتشدد واقعات پر نہ کسی کو ذمہ دار ٹھہرایاگیا نہ ہی کوئی کارروائی ہوسکی، نتیجتاً قوم کو 9 مئی کے واقعات دیکھنے پڑے، اگر فیض آباد دھرنا فیصلے پر عملدرآمد ہوجاتا تو 9 مئی کے واقعات نہ ہوتے۔

شیخ رشید کے وکیل نے کہا میں نظرثانی درخواست واپس لینا چاہتا ہوں، عدالت نے بار بار پوچھا درخواست دائر کیوں کی، 4 سال 8 ماہ تک التوا رہا، جس پر شیخ رشید کے وکیل نے جواب دیا غلط فہمی کے سبب نظرثانی دائر کی، عدالت نے کہا کہ تعجب ہے ایسا سیاستدان جو طویل عرصہ تک رکن پارلیمنٹ رہا اسے غلط فہمی ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: فیض آباد دھرنا کیس :سب کو معلوم ہے کون ملوث تھا لیکن نام لینے کی ہمت کسی میں نہیں، چیف جسٹس

عدالت نے یہ بھی پوچھا کیا شیخ رشید نے نظرثانی درخواست کسی کے کہنے پر دائر کی، جس پر شیخ رشید کے وکیل کی جانب سے جواب دہرایا گیا کہ نظرثانی درخواست غلط فہمی کی بنا پر دائر کی۔

تحریری حکم نامہ کے مطابق عدالت نے کہا کہ حکومت نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دیا ہے، انکوائری کمیشن کو 2 ماہ میں تحقیقات مکمل کرنے کا کہا گیا ہے، امید ہے انکوائری کمیشن فیض آباد دھرنا سے متعلق وقت پر تحقیقات مکمل کرے گا، الیکشن کمیشن ٹی ایل پی کی فارن فنڈنگ سے متعلق آئندہ سماعت پر رپورٹ جمع کرائے، حکم نامہ

عدالت نے سماعت مؤخر کرتے ہوئے کہا کہ کیس کی مزید سماعت آئندہ سال 22 جنوری کو ہوگی۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔