جمعرات، 18-جون،2026
جمعرات 1448/01/03هـ (18-06-2026م)

کسی ادارے سے نہیں عوام سے مدد مانگتا ہوں، انکی جیبیں بھرنا چاہتا ہوں: بلاول

07 دسمبر, 2023 15:20

شانگلہ: بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ کسی ادارے سے نہیں اپنے ملک کے عوام سے مدد مانگتا ہوں ان پر اعتماد کرتا ہوں، اپنی جیب کے بجائے عوام کی جیبیں بھرنا چاہتا ہوں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو پورا کرنے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں، ملک میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، بے روزگاری میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، ایک طرف نفرت اور تقسیم کی سیاست عروج پر ہے، دوسری طرف معاشی بحران بدترین ہوتے جارہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پرانے سیاستدان آج بھی پرانی اور انا کی سیاست کررہے ہیں، سیاست کو ذاتی دشمنی تک پہنچادیا گیا ہے، پرانی سیاست کی وجہ سے عوام کے مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں، مہنگائی میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، ملک میں ایسا کوئی سیاستدان نہیں جسے کہوں یہ میرا مخالف ہے، پیپلز پارٹی کا مقابلہ غربت، بے روزگار، مہنگائی سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی پارٹی رہنماؤں کو بلاول بھٹو کی تنقید کا جواب دینے کی اجازت

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹک ٹاک اور گالم گلوچ کی سیاست نہیں آتی، میں اس کا نواسہ ہوں جس کا نعرہ تھا طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، تمام سیاستدانوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آچکا، ذاتی طور پر وہ اچھے ہوں گے مگر عوام کے مسائل کا حل نہیں، ہمیں انا، انتقام اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنا ہے، ہمیں ایسی سیاست کرنی ہے جس سے عوام مضبوط ہو، معاشی ترقی کیلئے معیشت کو عوامی مفاد کے تحت چلانا ہوگا، کسی ادارے سے نہیں اپنے ملک کے عوام سے مدد مانگتا ہوں ان پر اعتماد کرتا ہوں، اپنی جیب کے بجائے عوام کی جیبیں بھرنا چاہتا ہوں، 18 ماہ وزیر خارجہ رہا، میرے ہاتھ صاف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ووٹ کو عزت دو :بلاول بھٹو کا نواز شریف سے مطالبہ

انہوں نے کہا کہ ہم کسانوں کو خوشحال کرائیں گے، روزگار کا وعدہ ہر سیاستدان کرتا ہے، ہم نے روزگار اور تبدیلی والا نعرہ حقیقت کرکے دکھایا، پاکستان اور ملک سے باہر شہید بھٹو نے روزگار کے مواقع دلوائے تھے، شہید بی بی نے کہا اگر روزگار دینا جرم ہے تو میں بار بار دوں گی، ہم پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کےتحت نئے منصوبے لگائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے نوجوانوں کے لیے یوتھ کارڈ لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ کارڈ سے نوجوانوں کو روزگار ملنے میں آسانی ہوگی، مزدور کے خوشحال ہونے تک ملک خوشحال نہیں ہوسکتا، وعدہ کرتا ہوں 5 سال میں تنخواہیں دگنی کریں گے، ثابت کروں گا کیسے ملک اور عوام کی قسمت تبدیل کریں گے، سندھ کے سیلاب متاثرین کو گھر بناکر دینے کا وعدہ کیا ہے، بینظیر انکم سپورٹ کارڈ سے غربت کا مقابلہ کررہے ہیں۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔