جمعرات، 18-جون،2026
جمعرات 1448/01/03هـ (18-06-2026م)

انتقامی جذبے سے واپس نہیں آیا، لیکن حساب تو بنتا ہے: نواز شریف

13 دسمبر, 2023 14:43

لاہور: نواز شریف کا کہنا ہے کہ کسی انتقامی جذبے سے واپس نہیں آیا، لیکن حساب تو بنتا ہے، 8 فروری کو عوام پر مشتمل سب سے بڑی جے آئی ٹی بنے گی۔

پارلیمانی بورد کے 8 ویں اجلاس سے قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے تمام مقدمات سے بریت ہوئی ہے، میرے کارکنوں کو میری بے گناہی کا پورا یقین تھا، ن لیگ کی حکومت ختم کرنے کیلئے جعلی مقدمات بنائے گئے، میرے خلاف تینوں مقدمات میں کوئی جان نہیں تھی، ان مقدمات کا کھوکھلا پن عوام کو معلوم ہوگیا ہوگا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ پانامہ میں کچھ نہیں ملا تو اقامہ نکال لیا، کرسی سے اتارنے کے لیے اقامہ کو بہانہ بنایا گیا، اقامہ کا فیصلہ دنیا میں مذاق بن کر رہ گیا، جو دکھ ہمیں دیے گئے اس کا کوئی مداوا ہے؟، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر ایک وزیر اعظم کی چھٹی کرادی گئی، سسلین مافیا اور گارڈ فادر جیسے الفاظ استعمال کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے مجھے اور مریم نواز کو سزائیں سنادیں، میری غیر موجودگی میں نیب کورٹ نے فیصلہ سنادیا، ہمارے جائیدادیں ضبط اور بڑے جرمانے کیے گئے، سزا کے بعد بیمار بیوی کو چھوڑ کر پاکستان آگیا، اہلیہ ہوش میں نہیں تھیں، انہیں آئی سی یو چھوڑ کر آیا تھا، ڈاکٹرز نے کہا تھا اہلیہ کے زندہ رہنے کا ایک فیصد چانس ہے، ایک ماہ کے دوران کلثوم نواز ہوش میں نہیں آئیں، جب واپس آئے تو اطلاع ملی وہ ہوش میں آگئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی پارٹی رہنماؤں کو بلاول بھٹو کی تنقید کا جواب دینے کی اجازت

انہوں نے کہا کہ جیل سے ہفتے میں ایک بار فون کرنے کی اجازت ملتی تھی، جیل سپرنٹنڈنٹ نے بات کرانے سے انکار کردیا تھا، بار بار اصرار کے باوجود اہلیہ سے بات نہیں کرائی گئی، ڈھائی 3 گھنٹے بعد بتایا گیا اہلیہ کا انتقال ہوگیا ہے، مریم کو اہلیہ کے انتقال کا بتانے کے لیے خود گیا، اڈیالہ جیل میں قید کی باتیں کبھی نہیں بھول سکتا، اڈیالہ جیل میں قید کے زخم کبھی بھرنے والے نہیں، کسی انتقامی جذبے سے واپس نہیں آیا، لیکن حساب تو بنتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں بھی بری کردیا گیا

قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ میرے خلاف فیصلوں کی اصل سزا پاکستانی عوام کو ملی، اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی بھول سکتا ہوں ملک کیخلاف سازش کیسے بھول جاؤں، چینی اور بجلی مہنگی ہوگئی، بل ادا نہیں کیے جاسکتے، لاکھوں لوگوں کو روزگار مل رہا تھا، کروڑوں غربت کی لکیر سے اوپر آرہے تھے، ہمارے دور میں اسٹاک مارکیٹ بلند، ڈالر کو باندھ کر رکھا گیا، موٹرویز بننے سے 10،10 گھنٹے کا سفر 3 گھنٹے کا ہوگیا، ہمارے دور میں مہنگائی کم سے کم سطح پر تھی، ہمیں ملکر اس قوم کو مشکلات سے باہر نکالنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایون فیلڈ ریفرنس: نوازشریف کی سزا کا فیصلہ کالعدم، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری کردیا

نواز شریف کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ یا جنرل راحیل شریف کیخلاف کوئی سازش نہیں کی، کبھی کسی کے خلاف کوئی سازش نہیں کی، وہ کون لوگ ہیں جنہوں نے یہ کام کیا اور کیوں کیا؟، یہ سازش پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے خلاف ہوئی، عوام کو اس سازش کا نوٹس لینا چاہیے، 8 فروری کو عوام پر مشتمل سب سے بڑی جے آئی ٹی بنے گی۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔