جمعرات، 18-جون،2026
جمعرات 1448/01/03هـ (18-06-2026م)

شرم ناک کھیل بے نقاب ہوچکا، ساری باتیں ریکارڈ پر ہیں: نواز شریف

14 دسمبر, 2023 18:28

لاہور: نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تھا، پاکستان کو پھر اندھیروں میں دھکیل دیا گیا، شرم ناک کھیل بے نقاب ہوچکا، ساری باتیں ریکارڈ پر ہیں۔

قائد ن لیگ نواز شریف کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ نے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات سے سرخرو کیا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے جرم میں وزارت عظمیٰ سے فارغ کیا گیا، میری چھٹی کرادی اور عمر بھر کیلئے نااہل کرادیا گیا، جے آئی ٹی کی نگرانی کیلئے تین رکنی بینچ بنایا گیا، آپ جانتے ہیں کیسے ایک جج نے درخواست گزار کو پیغام بھیجا، نیب کو کس طرح 3 ریفرنس دائر کرنے کا کہا گیا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ مطلوبہ فیصلے حاصل کرنے کیلئے سینئر ججوں کو گھر جاکر دھمکیاں دی گئیں، شرم ناک کھیل بے نقاب ہوچکا، ساری باتیں ریکارڈ پر ہیں، منظم سازش کی کہانی اگست 2014 کے طویل دھرنوں سے شروع ہوئی، اللہ نے مجھے غم برداشت کرنے کی ہمت دی، 3 سال پر پھیلی آزمائشوں کے بعد میری بے گناہی کی تصدیق ہوگئی، خوشی ہے جھوٹ کی قلعی کھل گئی اور سچ سامنے آگیا۔

یہ بھی پڑھیں: انتقامی جذبے سے واپس نہیں آیا، لیکن حساب تو بنتا ہے: نواز شریف

ان کا کہنا تھا کہ لاڈلے کو لاکر پاکستان کو کس جرم کی سزا دی گئی؟، روپے کی قدر کیوں مٹی میں ملادی گئی؟، نوجوانوں کیلئے روزگار کی راہیں کیوں بند کردی گئیں؟، کیوں پاکستان کو معاشی تباہی میں دھکیل دیا گیا؟، آپ کی نواز شریف سے دشمنی تھی تو عوام کے چولہے کیوں بجھادیئے گئے؟، آج پاکستان میں سرمایہ کاری کیوں رک گئی؟، پاکستان کو پھر کیوں دہشتگردی کا گڑھ بنادیا گیا؟۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تھا، پاکستان کو پھر اندھیروں میں دھکیل دیا گیا، میرے اوپر تمام مقدمات جعلی، فراڈ تھے۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔