ہمارے ارد گرد کے ممالک چاند پر پہنچ گئے ہم زمین سے بھی نہیں اٹھے: نواز شریف

لاہور: نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارے ارد گرد کے ممالک چاند پر پہنچ گئے ہم زمین سے بھی نہیں اٹھے، ایک شخص کے آنے کے بعد ملک میں مہنگائی شروع ہوئی۔
قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن الیکشن کیلئے بھرپور تیاریاں کررہی ہے، پاکستان پر جو گزری اس کا دکھ عام آدمی کو بھی ہے، ن لیگ کے دور میں پاکستان ترقی کی طرف دوڑ رہا تھا، ہمارے دور میں غربت کی لکیر سے لوگ نکل رہے تھے، پاکستان خطے میں ترقی کے لحاظ سے آگے تھا، 4 سال روپیہ مضبوط رہا، ڈالر اپنی سطح پر برقرار تھا، نجانے ملک کو کس کی نظر لگ گئی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ 4 دن ترقی کے بعد 10 دن پیچھے چلے جاتے ہیں، ہم ان حادثات سے کئی بار دوچار ہوچکے ہیں، شہباز شریف، مریم نواز پر بھی جعلی مقدمات بنائے گئے، میں اور مریم نے 150 پیشیاں بھگتی ہیں، جھوٹے مقدمات بنانے کی کیا ضرورت تھی، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر عمر بھر کے لیے نا اہل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سلیکٹڈ کو 4 ووٹوں کی برتری سے وزیر اعظم بنایا گیا: نواز شریف
انہوں نے کہا کہ 2017 میں ملک خوشحالی کی طرف دوڑ رہا تھا، لوگ بیروزگاری سے نکل کر روزگار حاصل کررہے تھے، ہمارے ارد گرد کے ممالک چاند پر پہنچ گئے ہم زمین سے بھی نہیں اٹھے، ہمارے دور میں 10 روپے کلو سبزی، 4 روپے کی روٹی تھی، ایک شخص کے آنے کے بعد ملک میں مہنگائی شروع ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کے اہداف پورا کرنے کیلئے خواتین کا کردار اہم ہے، جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو کہا گیا نواز شریف کو نکالیں، انہیں کہا گیا ضمانت نہیں دینی، جیل میں رکھنا ہے، کہا گیا انہیں جیل سے نکالا تو ہماری 2 سال کی محنت ضائع ہوگی، ان کا مقصد ایسے شخص کو اقتدار میں لانا تھا جس کے پلے کچھ نہیں تھا۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












