بلاول بھٹو کی پارٹی الیکشن مہم پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں پی پی پی الیکشن آفس پر حملے اور کراچی میں پارٹی کی کارنر میٹنگ پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ لاہور میں پی پی 162 کے جیالے امیدوار منظر عباس کھوکھر کے الیکشن آفس کو پیٹرول بم سے نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی کے ضلع ملیر گلشن بونیر میں جیالے امیدوار آغا رفیع اللّٰہ کی کارنر میٹنگ پر گولیاں برسائی گئیں ہیں،پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم کو نشانہ بنانا تشویش ناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس ستوکتلہ میں میرے انتخابی حلقے این اے 127 کے صوبائی امیدوار کے انتخابی دفتر پر حملے کی ایف آئی درج نہ کرکے غیرجانبداری کا مظاہرہ کررہی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے این اے 230 کے امیدوار آغا رفیع اللّٰہ کی کارنر میٹنگ پر فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو جیالوں اور دو حمایتیوں کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی متوقع جیت سے بوکھلا کر سیاسی مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں ہیں، اوچھے ہتھکنڈوں کا جواب عوام 8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگا کر دیں گے۔
یہ پڑھیں:بلوچستان : ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے ایک ہی امیدوار کو ٹکٹ دے دیا
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











