ہفتہ، 13-جون،2026
جمعہ 1447/12/26هـ (12-06-2026م)

میاں صاحب کے 2 ادوار کسی آمریت سے کم نہیں تھے: بلاول بھٹو

24 جنوری, 2024 16:22

سرگودھا: بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ میاں صاحب کے 2 ادوار کسی آمریت سے کم نہیں تھے، میں دائیں، بائیں نہیں، عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں، ہمارا رویہ صرف جمہوری ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب کے جیالوں کے درمیان آکر خوشی محسوس کررہا ہوں، ملک میں معاشی بحران ہے، پاکستان کو اس وقت بہت سے بحرانوں کا سامنا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہے ہیں، بھائی کو بھائی سے لڑایا جارہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کے لیے جدوجہد کرنی ہے، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کرنا ہے، عوام کی مشکلات حل کرنے کیلئے الیکشن لڑرہا ہوں، 3 بار وزیر اعظم رہنے والا اب چوتھی بار بننے کی کوشش کررہا ہے، چوتھی بار الیکشن لڑنے والا آج تک اپنے منشور کے بارے میں نہیں بتا سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب شیر کی حکومت بنتی ہے تو عوام کا خون چوسا جاتا ہے، شیر کی حکومت بنتی ہے تو کسانوں، مزدوروں، نوجوانوں کا خون چوسا جاتا ہے، چاہتے ہیں کسی نہ کسی طریقے سے چوتھی بار ان کو کرسی مل جائے، ہمارے دوسرے وعدے ہر کوئی نقل کررہا ہے، نقل کیلئے بھی عقل چاہیے جو ان کے پاس ہے ہی نہیں، عوام اپنا ووٹ ضائع نہ کریں، تیر پر ٹھپہ لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کو 300 یونٹ تک مفت بجلی دیں گے، کسانوں کو فصلوں کی انشورنس فراہم کریں گے تاکہ انہیں نقصان نہ ہو، جیالے گھر گھر پیغام پہنچائیں تنخواہ دگنی کریں گے، پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دے گی، کسان کارڈ کے ذریعے کاشت کاروں کو ریلیف فراہم کریں گے، امیر طبقے کی سبسڈی ختم کرکے غریبوں کو براہ راست ریلیف دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آپس میں لڑیں گے تو مخالفین پاکستان کو نقصان پہنچائیں گے: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی چاہتے ہیں بینظیر مزدور کارڈ کے ذریعے مالی مدد پہنچائیں، مزدوروں کا حق ہے انہیں بینظیر مزدور کارڈ ملے، بینظیر یوتھ کارڈ سے نوجوانوں کو مالی مدد پہنچائیں گے، یونین سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے، سندھ کے ہر ڈسٹرکٹ میں مفت علاج شروع کیا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کے 2 ادوار کسی آمریت سے کم نہیں تھے، آپ نے مشرف اور بانی پی ٹی آئی کا دور بھی دیکھا ہے، کیا آپ وہ سیاست چاہتے ہیں جو نفرت اور تقسیم کی سیاست ہے؟، کیا آپ وہ سیاست چاہتے ہیں جو ذاتی انا میں تبدیل ہوچکی ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مفت علاج کے ادارے بنائیں گے، میں دائیں، بائیں نہیں، عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں، ہمارا رویہ صرف جمہوری ہے، کسی پر نیب کیس بنتا ہے تو وہ اداروں پر حملہ کرتا ہے، میرے لیے حرام ہوگا کہ کوئی کارکن سیاسی قیدی رہے، یہ کام نہیں کرسکتا مخالف کی بہنوں، بیٹیوں کو جیلوں میں ڈالوں، اب مقابلہ شیر اور تیر کے درمیان ہے، عوام کو فیصلہ کرنا ہے اس ملک کی حکمرانی کس کو کرنی ہے۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔