8 فروری کو جو ان کے ساتھ ہوگا ان کے گمان میں بھی نہیں: عمران خان

راولپنڈی: سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں دفعہ 144 نواز شریف کے کہنے پر لگائی گئی ہوگی، 8 فروری کو جو ان کے ساتھ ہوگا ان کے گمان میں بھی نہیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب میں دفعہ 144 صرف پی ٹی آئی کیلئے لگائی گئی ہے، جو مرضی کرلیں ہمیں آخری بال تک الیکشن لڑنا ہے، یہ خوفزدہ ہیں عوام سے ڈرے ہوئے ہیں، 8 فروری کو جو ان کے ساتھ ہوگا ان کے گمان میں بھی نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ امیدواروں کو میری تصویر اور قیدی نمبر 804 لکھنے سے بھی روکا گیا، ہماری پارٹی کو فریم کیا جارہا ہے، نواز شریف کو وی آئی پی ٹریٹمنٹ دی جارہی ہے، میرے اور شاہ محمود قریشی سمیت کسی سے مذاکرات نہیں ہورہے، پوسٹل بیلٹ کے لیے ہم نے درخواست دی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دفعہ 144 نواز شریف کے کہنے پر لگائی گئی ہوگی، دفعہ 144 اس لیے لگائی گئی کیونکہ ان کے جلسوں میں کوئی نہیں جارہا، ان کے جلسوں میں پی ٹی آئی کے نعرے لگنا شروع ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان عام انتخابات سے غائب، مگر سینٹ میں بھرپور موجودگی
صحافی نے عمران خان سے سوال کیا کہ عہدیداروں نے سمابیہ طاہر پر امیدواروں سے پیسے لینے الزام لگایا، جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سمابیہ طاہر کی پیسے لینے کی بات پر یقین نہیں کرتا۔
ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے جنہیں ٹکٹ دیے ان پر آپ کے اپنے لوگوں کو تحفظات ہیں، جس کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ معلوم نہیں کس کو ٹکٹ ملا کس کو نہیں، مشاورت کی اجازت ہی نہیں دی گئی۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












